اسلام آباد‘ٹیکس نظام میں اصلاحات کیخلاف تاجروں کا مظاہرہ

75

اسلام آباد (آئی این پی) ٹیکس نظام میں اصلاحات کے خلاف تاجروں نے اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا‘ پولیس نے وزیراعظم ہائوس جانے سے روک دیا ۔ آل پاکستان انجمن تاجران نے وزیراعظم ہائوس کے
سامنے احتجاجی دھرنا دینے کی کال دی تھی۔ پولیس نے تاجروں کے مارچ کو سیرینا چوک سے پہلے ہی روک دیا ‘ تاجروں نے اسی چوک میں دھرنا دیا۔ اس موقع پر مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی نئی ٹیکس پالیسی کو ہم نہیں مانتے۔ تاجر رہنمائوں نے کہا کہ تاجر پہلے ہی کورونا کے ہاتھوں لٹے پٹے ہوئے ہیں‘ مزید ان پر ظلم نہ کیا جائے۔ تاجروں نے حتمی لائحہ عمل طے کرنے کے لیے13جنوری کو لاہور میں آل پاکستان انجمن تاجران کنونشن بلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کوئی ایف بی آر کا نمائندہ ڈیوائس لگانے آئے گا تو اس سے مزاحمت کی جائے گی۔