پنجاب ، بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں مدد کرے ، عبدالقدوس بزنجو

195

 

کوئٹہ (آن لائن)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کو پنجاب کے خلاف ورغلایا گیا تھا، حکومت پنجاب بڑے بھائی کی طرح بلوچستان کی ترقی وخوشحالی میں ہماری مدد کرے، بلوچستان کے عوام محب وطن اور پیار کرنے والے لوگ ہیں صرف ہمارے سر پر ہاتھ رکھنے کی ضرورت ہے پہلے ہمیں صرف وفاقی حکومت کی جانب سے کاغذوں اورباتوں میں خوشیوں کے پیکج ملتے تھے اور اب وزیراعظم عمران خان کے ہم مشکور ہیں
انہوں نے سائوتھ اور نارتھ کے پیکج کا اعلان کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہائوس میں عثمان بزدار کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے بلوچستان کے علاقے رکنی میں اسپتال اور تربت،خاران سمیت دیگر اضلاع میں صحت کے شعبے میں ہماری مدد کریں گے، بلوچستان رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے، ہم چاہتے ہے کہ طلبہ وطالبات کو پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں اسٹڈیز کے لیے بھیجیں گے تاکہ بلوچستان کی نوجوان نسل اچھی تعلیم اور تربیت حاصل کرے اور ہماری آنے والی نسلیں بلوچستان کی خدمت کریں۔اس موقع پر عثمان بزدار نے کہا کہ بلوچستان میرا دوسرا گھر ہے، بلوچستان کے عوام بھی پنجاب کو اپنا گھر سمجھیں، حکومت پنجاب بلوچستان حکومت ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے،صوبے کے دوردراز علاقوںمیں عوام کو صحت کی بہترین سہولیات دینے میں بھرپور مدد کریں گے، ہم نے رکنی میں اسٹیٹ آف دی ہارٹ اسپتال کی ایم او یو پر دستخط کردیے ہیں، تربت، گوادر، چاغی ،موسیٰ خیل، خاران میں بھی ا سی طرح کے اسپتال بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت تمام اراکین اسمبلی کو پنجاب آنے کی دعوت دی ہے، اس سے صوبوں کے مابین معاونت میں اضافہ ہوگا، ہم چاہتے ہیں کہ بلوچستان سمیت دیگر صوبے یکجا ہوجائیں تاکہ ملک کی ترقی کے لیے خدمت کرے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طلبہ وطالبات جو پنجاب میں زیر تعلیم اور ٹرانسپورٹرز دونوں صوبوں کی سرحد پر چیکنگ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ان کے مسائل جلد حل کریں گے ۔