بھارتی حیدر آباد دکن سکریٹریٹ میں 2 مساجد کی تعمیر نو کی تقریب سنگ بنیاد

367

ایک طرف بھارت میں بی جے پی اور راشڑیہ سیوک سنگھ مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کئے ہوئے ہیں تو دوسری سمت سابق متمول مسلم ریاست حیدر آباد دکن میںجو ریاست تلنگانہ کا حصہ ہے اور یہاں بی جے پی مخالف پارٹی کی  حکومت ہے تلنگانہ سکریٹریٹ  میں دو مساجد کی تعمیر نو  کی تقریب سنگ بنیاد منعقد ہوئی جس میںمفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے مسجد دفاتر و معتمدی اور مسجد ہاشمی کے تعمیری کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ قبل ازیں مسجد کی اراضی پر نماز جمعہ ادا کی گئی۔

مولانا مفتی خلیل احمد نے امامت کی جبکہ مفتی محمود زبیر قاسمی نے خطاب کیا۔ جولائی میں نئے سکریٹریٹ کی تعمیر کیلئے قدیم عمارتوں کو منہدم کرنے کے دوران دونوں مساجد کو شہید کردیا گیا تھا ۔تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے ہدایت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف منسٹرنے اپنے وعدہ کی تکمیل کرکے مساجد کی تعمیر کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مساجد کا ڈیزائین ترکی طرز تعمیر پر ہے اور ان کا شمار ملک کی خوبصورت مساجد میں ہوگا۔ سکریٹریٹ کے مساجد 700 گز اراضی پر تھیں لیکن چیف منسٹر 1500 گز اراضی مختص کی ہے۔ مسجد کے اندرونی اور بیرونی حصہ میں سینکڑوں افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔ بڑی مسجد کے وضو خانے کے اوپری حصہ میں امام کیلئے مکان تعمیر کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کیلئے نماز کا علحدہ بندوبست کیا جارہا ہے۔ تعمیر پر  2.9 کروڑ روپئے لاگت آئیگی جس کیلئے ابتدائی طور پر ایک کروڑ روپئے جاری کردیئے گئے ہیںاور رمضان المبارک سے قبل مساجد کی تعمیر کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔ تراویح اور عیدین کی نمازیں نئی مساجد میں ادا کی جائیں گی