افغانستان گندم پہنچانے کیلئے پاکستان سے معاملات طے کر رہے ہیں، بھارت

554

نئی دہلی: بھارت نے کہا ہے کہ وہ واہگہ بارڈر کے ذریعے 50 ہزار ٹن گندم اور ادویات افغانستان بھیجنے کے لیے پاکستان کے ساتھ معاملات طے کر رہا ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان اریندم باگچی کاکہناہے کہ پاکستان کو اس حوالے کوئی شرائط نہیں رکھنی چاہئیں، بھارت نے پاکستان کے راستے افغانستان کیلئے انسانی امداد پہنچانے کی تجویز اکتوبر کے پہلے ہفتے میں تیار کی تھی اور پاکستان کی جانب سے 24 نومبر کو اس حوالے سے یقین دہانی کروائی گئی۔

انہوں نے واضح کیا کہ انسانی امداد کے حوالے سے پاکستان کو کوئی شرط نہیں رکھنی چاہیے،  یہ افغانستان کے عوام کو دی جانے والی انسانی امداد ہے جس میں 50 ہزار ٹن گندم اور ادویات شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کی جواب کا جائزہ لے رہے ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ انسانی امداد پر کوئی شرائط نہیں رکھی جائیں گی،بھارت افغانستان کے لوگوں کے لیے امداد اور ترقیاتی کاموں کے لیے ہمیشہ کھڑا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اور افغانستان کے درمیان فلائٹس بند ہیں اور پاکستان کے راستے امداد پہنچانا آسان ترین طریقہ ہے۔افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی کی سربراہی میں پاکستان کا دورہ کرنے والے وفد نے بھی گندم کی ترسیل کا معاملہ اٹھایا تھا ۔