بلغاریہ، کورونا وارڈ میں آتشزدگی سے 3 مریض ہلاک

130

بلغاریہ کے ایک اسپتال کے کورونا وارڈ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 3 مریض بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بلغاریہ کے ایک اسپتال کی چوتھی منزل میں کورونا وارڈ میں آگ بھڑک اٹھی۔ وارڈ میں کورونا کے تین مریض زیر علاج تھے جن میں سے دو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ تیسرے مریض کو شدید زخمی حالت میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ہلاک ہونے والوں کی عمریں 66 ،70 اور 81 سال تھی۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا تاہم اس دوران وارڈ مکمل طور پر راکھ کا ڈھیر بن گیا جب کہ 6 مریضوں کو کورونا وارڈ سے متصل کمروں سے محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کورونا وارڈ میں آگ ایک مریض کی جانب سے سگریٹ جلانے کے باعث لگی۔ دوسری جانب محکمہ صحت نے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی۔ واضح رہے کہ بلغاریہ میں اس وقت کورونا کے 8 ہزار 178 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے 745 مریض انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہیں۔