پاکستانی بیٹرز نے بولنگ کا وقت ہی نہیں دیا، کین ولیمسن

676

شارجہ(نمائندہ خصوصی)ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست پر کیوی کپتان کین ولیمسن کا بیان بھی سامنے آگیا۔کین ولیمسن نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک وقت میں یہ میچ پاکستان کے ہاتھوں سے نکلتا ہوا محسوس ہورہا تھا، اس پچ پر شاٹ لگانا کافی مشکل تھا لیکن شعیب ملک اور آصف علی نے بڑے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔کیوی کپتان نے مزید کہا کہ شعیب اور آصف بہت خوبصورتی سے میچ کو اختتام تک لے کر گئے۔ ولیمسن کا کہنا تھا کہ ہمارا مقابلہ پاکستان جیسی اچھی ٹیم سے تھا اور میں انہیں مبارک باد پیش کرتا ہوں۔کیوی کپتان نے کہا کہ بدقسمتی سے میچ کا فیصلہ ہمارے حق میں نہیں ہوا، اگر ہم پاکستان کی اننگز کو دیکھیں تو انہوں نے آخری اوورز میں شاندار کھیل پیش کیا، پاکستانی بیٹرز نے ہمیں ٹھیک سے بولنگ کرانے کا وقت ہی نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے سوچا اس طرح کی مشکل بیٹنگ پچ پر 135 کے ہدف کا تعاقب مشکل ہوگا لیکن پاکستان جیسی ٹیم کیلیے یہ اسکور ناکافی تھا۔کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ اب وقت ہے کہ ہم اپنی غلطیوں سے سیکھیں اور آگے بڑھیں۔