مون سون شجرکاری مہم اپنے کامیاب اختتام کی جانب گامزن ہے, وزیر جنگلات

232

وزیر جنگلات سبطین خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ جنگلات کی ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار تیز کی جا رہی ہے۔

گذشتہ روز فاریسٹ کمپلیکس میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کی مانیٹرنگ روزمرہ بنیادوں پر کی جا رہی ہے جبکہ مون سون شجرکاری اہداف کا حصول ہر قیمت پر یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سبطین خان نے کہا کہ مون سون شجرکاری مہم اپنے کامیاب اختتام کی جانب گامزن ہے جبکہ ڈی ایف اوز کو موسم بہار کی شجرکاری مہم کی تیاریوں کیلئے لائحہ عمل طے کرنے کی ہدایات بھی دے دی گئی ہیں۔

وزیر جنگلات نے مزید کہا کہ وزیر اعظم پاکستان جنگلات کا تحفظ یقینی بنانے اور شہری آبادیوں میں شجرکاری کے ذریعے جنگلات کے پھیلاؤ بارے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ اس ضمن میں محکمہ جنگلات اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ سبطین خان نے کہا کہ وہ دن قریب ہے جب صوبے میں سرسبز ماحول پروان چڑھے گا اور عوام کو ماحولیاتی آلودگی سے نجات ملے گی۔ اس موقع پر انہوں نے عوامی وفود، ذرائع ابلاغ، فلاحی تنظیموں اور علماء کرام سے اس ضمن میں کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے گھروں، محلوں میں شجرکاری کریں اور اپنے اپنے پلیٹ فارم سے لوگوں کو شجرکاری کی جانب راغب کریں تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کو صاف ماحول میسر آئے۔