عوام کو مہنگائی مافیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے،وزیراعلیٰ پنجاب

264

لاہور(نمائندہ جسارت + مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ عوام کو کسی صورت مہنگائی مافیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کی جگہ جیل ہے، بیروزگاری کے خاتمے کیلیے تعلیم و صحت سمیت دیگر محکموں کی 70 ہزار فوری نوکریاں فراہم کررہے ہیں، عوام کے مسائل اور مشکلات کا مکمل احساس ہے، وزیر اعظم جلد عوام کو مہنگائی سے بچانے کیلیے پیکج کا اعلان کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اجلاس کی صدارت اور کورونا موبائل ویکسی نیشن سیٹر کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرِ صدارت اجلاس میں انہیں فیصل آباد کے ڈیولپمنٹ پروجیکٹس پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور مہنگائی کنٹرول کرنے سے متعلق کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا، وزیراعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی اور صوبے میں ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا حکم دیا اور کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلیے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں، مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے، عوام کو کسی صورت مہنگائی مافیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ عثمان بزدار نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں ہوگا، منتخب نمائندے ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کریں۔ منتخب نمائندوں کے جائز کام بہر صورت ہوں گے، کسی کو جائز کاموں میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔ علاوہ ازیں ملتان میں ٹینک چوک پر کورونا ویکسی نیشن موبائل سینٹر کے دورے پر میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ کورونانے عالمی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔