جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی شکایت پر پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی گرفتار

412

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسی کی شکایت پر پولیس نے ایک شخص کو حراست میں لے لیا، تاہم بعد ازاں انہیں رہا کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کشمیریوں سے یوم یکجہتی کیلئے اسلام آباد میں یوم سیاہ کے موقع پر ریلی نکالی گئی، جس میں شرکت کیلئے رکن اسمبلی اکرم چیمہ بھی وہاں موجود تھے۔ جسٹس فائز عیسی نے اپنی شکایت میں کہا کہ میں صبح پیدل سپریم کورٹ جارہا تھا کہ پارلیمنٹ کے سامنے بلیک شیشوں والی مشکوک گاڑی دیکھی، اور پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر موجود گارڈز کو اس حوالے سے آگاہ کیا، اور ان سے کہا کہ گاڑی کو چیک کیا جائے، جس پر گاڑی میں موجود شخص نے میرے ساتھ تلخ کلامی کی، تاہم میں وہاں سے چلا گیا اور واقعے سے متعلق پولیس سے شکایت کردی۔

جسٹس قاضی فائز عیسی کی شکایات پر پولیس نے ممبر قومی اسمبلی اکرم چیمہ کو گرفتار کر لیا، تاہم بعد ازاں انہیں رہا کردیا گیا جبکہ گاڑی اپنے قبضے میں لے لی، جس کی جانچ پڑتال جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رکن قومی اسمبلی کے زیر استعمال گاڑی ویگو ڈالا نان کسٹم پیڈ ہے۔

رہائی کے بعد رکن اسمبلی اکرم چیمہ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے، جہاں انہوں نے اسپیکر اسد قیصر سے ملاقات کی، اور جسٹس قاضی فائز عیسی کے ساتھ پیش آئے واقعے سے متعلق آگاہ کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے آئی جی اسلام آباد سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔