باجوڑ: ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں 4سیکورٹی اہلکار شہید

198

باجوڑ /راولپنڈی (صباح نیوز+ اے پی پی) باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں 4 سیکورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔پولیس ذرائع کے مطابق شام 6 بجکر 15 منٹ پر ضلع باجوڑ کے تحصیل وڑ ماموند کے علاقہ تیر بانڈگئی میں پولیس فورس اور ایف سی کی گشتی گاڑی پر دھماکا اس وقت ہوا جب وہ اس سے قبل ہونے والے ایک اور بم دھماکے کی تحقیقات کے لیے جارہے تھے ۔دھماکے کے نتیجے 4 اہلکار شہید ہوگئے جس میں 2 پولیس اہلکار اور 2 ایف سی اہلکار شامل ہیں۔ شہید ہونیوالوں میں پولیس ڈرائیور صمد خان ، پولیس کانسٹیبل نور رحمن ، ایف سی کے اہلکار جمشید اور مدثر شامل ہیں۔واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے سرچ آپریشن شروع کردیا ۔ قبل ازیں سہ پہر ساڑھے 4 بجے ایک اور بم دھماکا سویلین گاڑی پر ہوا تھا جس میں 2افراد زخمی ہوگئے تھے ۔علاوہ ازیں ہنگو میں سیکورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید ہو گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ضلع ہنگو کے علاقہ تھل میں دہشت گردوں نے فوجی چوکی پر رات گئے فائرنگ کیسیکورٹی اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کی تاہم فائرنگ کے تبادلے کے دوران مانسہرہ کے رہائشی 26 سالہ سپاہی وقاص شہید ہو گئے۔