کم آمدنی والوں کو پیٹرول پر سبسڈی دینے کا فیصلہ،وزیراعظم نے منصوبہ بنانے کی ہدایت کردی

354
اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان رحمت اللعالمینؐ کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد(صباح نیوز+اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کم آمدنی والوں کے لیے پیٹرول پر سبسڈی دینے کا منصوبہ بنانے کی ہدایت کر دی۔بدھ کو وزیراعظم کی زیر صدارت پی ٹی آئی کورکمیٹی کا اجلاس ہوا،جس میں وزرا اعلیٰ، گورنرز، وفاقی وزرا اورپی ٹی آئی کی مرکزی و صوبائی قیادت شریک ہوئی۔اجلاس میں مہنگائی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل، رکشہ اور عوامی سواری کو سبسڈی ریٹ پر پیٹرول دینے کا منصوبہ اگلے اجلاس میں پیش کیا جائے گا، مہنگائی کم کرنے کے لیے ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں آٹا، چینی، گھی اور تیل کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے کم آمدن والے افراد کو ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کو عام آدمی پر مہنگائی کے اثرات کا احساس ہے، صحت کارڈ، کسان کارڈ اور احساس پروگرام کے دائرہ کار کو بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ غریب طبقے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی کا بڑا پروگرام جلد شروع کیا جائے ۔اجلاس میں سندھ میں آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمت پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ قبل ازیں معاون خصوصی برائے تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے احساس ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام وفاق اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ مالی معاونت سے شروع کیا جائے گا جس پر پنجاب اور خیبر پختونخوا نے پہلے سے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ سندھ اور بلوچستان سے بات چیت کی جارہی ہے کہ وہ بھی اس میں شامل ہوں۔ ثانیہ نشتر نے بتایا کہ پسماندہ طبقے کو مہنگائی سے بچانے کے لیے احساس ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام رواں سال جلد جاری ہوگا،پروگرام کے لیے احساس اور نیشنل بینک کے اشتراک سے موبائل پوائنٹ آف سیل نظام تیار ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ احساس کے اہل گھرانوں کو اس پروگرام کے ذریعے مخصوص اشیا پر کریانہ اسٹور سے خریداری پر رعایت ملے گی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی سیاسی اور پارلیمانی امور پر مشاورت کی گئی جبکہ اپوزیشن کی مہنگائی کے خلاف تحریک پر وزیراعظم نے تحریک انصاف کو متحرک کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اجلاس میں انتخابی اصلاحات کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔