موجودہ انتشار، نفاق اور ناانصافی کا واحد حل سیرت طیبہؐ میں ہے، صدر مملکت

546

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے عید میلا دالنبیؐ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ موجودہ انتشار، نفاق اور ناانصافی کا واحد حل سیرت طیبہؐ میں ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ آپؐ نے مساوات، بھائی چارے، عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ تشکیل دیا، آپؐ رنگ، نسل، زبان اور وطن سے بالاتر ایک ملت کا قیام عمل میں لائے۔

عارف علوی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے حضورؐ کو معبوث فرما کر انسانیت پر احسان فرمایا، اللہ تعالیٰ نے آپؐ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا، آپؐ کی اطاعت و فرمانبرداری دونوں جہانوں میں کامیابی کی کنجی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حضورؐ سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے، آپؐ کا یہ اعجاز ہے جانی دشمنوں کو ایک دوسرے کا خیرخواہ بنا دیا۔