پنجاب: تجارتی بنیادوں پر زیر زمین پانی نکالنے پر ٹیکس عاید

191

لاہور (نمائندہ جسارت) پنجاب حکومت نے کمرشل بنیادوں پر زیر زمین پانی نکالنے پر ٹیکس عاید کردیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب کو زیر زمین پانی کی دستیابی کے حوالے سے 3 مختلف زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان میں سیف زون، سیمی کریٹیکل زون اور کریٹیکل زونز میں سے زیر زمین پانی نکالنے کے ٹیرف کو مختلف رکھا گیا ہے۔ سیکرٹری بلدیات نورالامین مینگل کا
کہنا تھا کہ یہ ٹیرف براہ راست عوام پر نہیں ہے بلکہ کمرشل بنیادوں پر بڑے پیمانے پر جو پانی نکالا جارہا ہے اس کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلیے ہے۔ لاہور میں صاف پانی کا کاروبار کرنے والوں کا کہنا ہے اس کا اثر عوام پر ہی پڑے گا۔ پہلے ہی رواں سال پانی کی 19 لیٹر والی بوتل کی قیمت 70 روپے سے 90 روپے تک ہوچکی ہے۔ اس میں بجلی کی قیمت اور اے گریڈ پلاسٹک بوتل کی کاسٹ الگ اور ہر 6 ماہ میں فلٹرز کی تبدیلی پر آنے والے اخراجات بھی شامل ہیں۔