چین کے دباؤ پر امریکی ویب سائٹ بند

249

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کی واحد پروفیشنل نیٹ ورکنگ سائٹ لنکڈ ان نے چین میں اپنی سروس بند کرن کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بڑی امریکی کمپنی مائیکرو سافٹ نے اعلان کیا کہ بیجنگ کے سخت قوانین کی وجہ سے وہ اپنی کاروباری نیٹ ورکنگ کی معروف ویب سائٹ کو رواں برس کے اواخر تک چینی مارکیٹ سے نکال لے گی۔کمپنی نے اپنے ایک بلاگ میں لکھا کہ چین میں آپریٹنگ ماحول بہت زیادہ مشکل ہو گیا ہے اور احکامات کی تعمیل کی بھی بہت زیادہ ضروریات ہیں۔ اسی وجہ سے ملک میں ویب سائٹ کے آپریشن کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل ایک بار لنکڈ ان نے ممنوع مواد شیئر کرنے پر چین کے اندر بعض امریکی صحافیوں کے پروفائل کو بلاک کر دیا تھا، جس پر اسے شدید نکتہ چینی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یاد رہے کہ مائیکرو سافٹ نے 2014 ء میں اس ویب سائٹ کو چین میں لانچ کیا تھا۔ لنکڈ ان پر پابندی کے بعد چین میں اس کی جگہ اِن جابز نامی ویب سائٹ کو لانچ کیا جائے گا ۔ لنکڈ ان آخری امریکی سوشل میڈیا کی سائٹ تھی ، جسے چین میں آپریٹ کرنے کی اجازت تھی۔ چینی حکومت نے فیس بک اور ٹوئٹر جیسی مقبول ویب سائٹوں کو پہلے سے ہی بلاک کر رکھا ہے۔ چین میں سوشل میڈیا سائٹس سخت قوانین کے تابع ہیں اور طلب کیے جانے پر چینی صارفین کا ذاتی ڈیٹا حکام کے حوالے کرنا لازمی ہے۔