قطر اور کویت کی جانب سے فلسطینیوں کی امداد

256

دوحہ؍ کویت سٹی (انٹرنیشنل ڈیسک) خلیجی ریاست قطر کی طرف سے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے 95 ہزار خاندانوں میں فی کنبہ 100ڈالر کی امداد کی نئی قسط جاری کردی گئی۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ کے غریب اور مستحق شہریوں کے لیے قطرکی طرف دی جانے والی نقد امداد بینکوں اور ڈاک خانے کے ذریعے جاری کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں فلسطین میں اقوام متحدہ کے رابطہ کارٹورو وینزلینڈ نے غزہ کی پٹی کا دورہ کیا اور وہاں اسلامی تحریک مزاحمت حماس کی قیادت سے ملاقات کی۔ انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ قطر کی طرف سے غزہ کے ایک لاکھ خاندانوں میں نقد امداد تقسیم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دوحہ کی طرف سے غزہ کی پٹی کے محصورین کی مالی مدد کا مقصد غزہ کے عوام کی بہبود اور مالی بحران میں ان کی مدد کرنا ہے۔دوسری جانب کویت کی حکومت نے بھی فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے ڈھائی کروڑ ڈالرکی امداد کا اعلان کیا ہے۔یہ رقم عرب اکنامک ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے فلسطینی پناہ گزینوں کے ذمہ دار ادارے ’اونروا‘ کو ادا کی جائے گئی جو لبنان میں فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود پر صرف کی جائے گی۔ ادھر اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ’اونروا‘ نے کویت کی طرف سے پناہ گزینوں کے لیے امداد کی فراہمی پر کویتی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔