سابق قومی کپتان انضمام الحق عارضہ قلب میں مبتلا

224

لاہور(جسارت نیو) سابق کپتان انضمام الحق اینجیوپلاسٹی کے بعد اسپتال سے فارغ کردیے گئے ہیں تاہم ڈاکٹروں نے انہیں 10روزمکمل آرام کی ہدایت کی ہے۔انضمام الحق کوگزشتہ رات دل کی تکلیف محسوس ہونے پر لاہور کے مقامی اسپتال میں لے جایا گیا تھا ، جہاں ڈاکٹروں کی جانب سے کئے گئے ٹیسٹ کے بعد کے ان کی اینجیو پلاسٹی کی گئی اور دل کی شریان میں ایک اسٹنٹ ڈالا گیا۔انضمام الحق پہلے سے کافی بہترمحسوس کررہے ہیں۔ طبیعت میں بہتری پر انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا، دوسری جانب سابق کپتان وسیم اکرم دل کے عارضے میں مبتلا ساتھی کرکٹر انضمام الحق کے لیے فکر مند ہیں۔وسیم اکرم نے کہا کہ پیارے انضی، تہمارا دل، اتنا پیارا دل، اس کو لگتا ہے نظرلگ گئی ہے، بہت فکرہوئی کہ اتنے پیارے دل والے کو تکلیف ہوئی۔انضمام الحق کی انجیوپلاسٹی پر بھارت کے سابق کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔سچن ٹنڈولکر نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ انضمام الحق کی صحتیابی کے لیے بہت سی دعائیں، انضمام الحق ہمیشہ سے گرائونڈ میں ایک فائٹر رہے ہیں۔بھارتی کرکٹر نے یہ بھی کہا کہ مجھے امید ہے کہ انضمام الحق جلد ہی اس صورتحال سے نکل آئیں گے،،وقار یونس کا انضمام الحق کی انجیو پلاسٹی پر ان کیلیے ایک حوصلہ افزا پیغام شیئر کیا ہے۔وقار یونس نے ٹوئٹر پر انضمام الحق کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بندہ شیر دل ہے۔