چہلم امام حسین ؓ آج عقیدت واحترام سے منایاجارہا ہے

435

کراچی: نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم عقیدت و احترام کے ساتھ ملک بھر کی طرح آج بروزمنگل کو کراچی سمیت سندھ بھرمیں بھی منایا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر جلوس نکالے جا رہے ہیں اور مجالسِ عزا منعقد کی جا رہی ہیں اور اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے نشتر پارک سے مجلس کے بعد مرکزی جلوس برآمد ہوگا جو اپنے روایتی مقرر کردہ راستوں سے گزرتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پزیر ہوگا۔

کراچی میں شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ جلوس کی گزرگاہ کی طرف آنے والے راستوں پر کنٹینر رکھ دیئے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق  جلوس کی گزرگاہ کو جزوی طور پر بند کیا گیا ہے، جلوس برآمد ہونے سے کچھ دیر پہلے گزرگاہ مکمل بند کر دی جائے گی۔

خیال رہے شہر بھر میں بالخصوص مرکزی جلوس کی گزرگاہ اور اطراف کے علاقے میں پولیس اور رینجرز کے اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہیں جبکہ جلوس کی گزرگاہ کی بم ڈسپوزل اسکواڈ سرچنگ کریں گے اور سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے جلوس کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق  شہر میں متبادل راستوں سے متعلق رہنمائی کے لیے ٹریفک پولیس اہلکار جگہ جگہ تعینات کردیئے  ہیں جبکہ سیکیورٹی کے پیشِ نظر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔