نادرن کا قومی ٹی ٹوئنٹی میں فاتحانہ آغاز ، بلوچستان کو شکست

238
راولپنڈی:قومی ٹی ٹوئنٹی کپ، ناردرن کے اوپنر حیدر علی مین آف دی میچ ایوارڈ کے ساتھ ۔دوسری تصویر میں بلے باز بلوچستان کے خلاف شاٹ کھیلتے ہوئے

راولپنڈی (سید وزیر علی قادری)شاداب خان کی زیرقیادت ناردرن نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کا فاتحانہ آغاز کیا۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں فاتح ٹیم نے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں بلوچستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ناردرن نے 140 رنز کا ہدف 3اوورز پہلے ہی 4 وکٹوں کے نقصان پر عبور کرلیا۔ اوپنر حیدر علی نے 28 گیندوں پر جارحانہ نصف سنچری اسکور کرکے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہیں 58 رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ناردرن کی اننگز کا آغاز بھی آئیڈیل نہ تھا۔ اوپنر عمر امین صرف 2 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد حیدر علی نے پہلے ذیشان ملک ، پھر شاداب خان اور روحیل نذیر کے ہمراہ بالترتیب 49، 10 اور 16 رنز کی شراکت قائم کی۔ تاہم مڈل آرڈر بیٹسمین آصف علی نے چھٹے نمبر پر میدان میں آکر 4 چھکے اور 3 چوکے لگا کر ناردرن کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ انہوں نے 20 گیندوں پر 43 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ حیدر علی کے ہمراہ 5ویں وکٹ کے لیے 51 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔ بلوچستان کے یاسر شاہ، عاکف جاوید، عماد بٹ اور کاشف بھٹی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 6 رنز کے انفرادی اسکور پر کپتان امام الحق پویلین واپس لوٹ گئے۔ اس کے بعد بلوچستان کا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹہر سکا اور اس کی آدھی ٹیم محض 70 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔عبدالواحد بنگلزئی اور اکبر الرحمٰن 24،24 جبکہ بسم اللہ خان اور ایاز تصور بالترتیب 10 اور 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ایسے میں عماد بٹ نے کاشف بھٹی کے ہمراہ چھٹی وکٹ کے لیے 66 رنز جوڑے۔ عماد بٹ 34 اور کاشف بھٹی 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بلوچستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے۔ ناردرن کے حارث رؤف نے 18 اور محمد نواز نے 31 رنز دے کر 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔زمان خان اور سہیل تنویر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔