قومی ترقی کا راستہ یکساںنظام تعلیم اور اردو زبان ہے‘ حافظ ادریس

502

لاہور( نمائندہ جسارت) اساتذہ اور طلبہ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ دنیا کی ترقی یافتہ قوموں میں کوئی ایک قوم بھی ایسی نہیں جس کا ذریعہ تعلیم غیر ملکی زبان ہو۔ ان قوموں کے عروج کی دوسری وجہ یہ ہے کہ ان کے ہاں نصاب تعلیم یکساں ہوتا ہے جو ان کی قومی ضروریات اور روایات کی ترجمانی کرتا ہے۔ وطن عزیز کا المیہ یہ ہے کہ ہمارے ہاں قومی زبان کو اچھوت بنا دیا گیا ہے اور نصاب تعلیم کی کئی اقسام رائج ہیں۔ غریب تعلیم سے محروم ہیں۔ لاکھوں بچوں کو سکول کے دروازے تک پہنچنا نصیب نہیں ہوتا۔ متوسط طبقے کے لیے بھی اب پرائیویٹ اداروں میں بچوں کو تعلیم دلانا ناممکن ہو گیا ہے۔ اشرافیہ زندگی کے ہر شعبے پر سانپ بن کر بیٹھی ہے، یکساں نظام تعلیم کا اعلان اور تعلیمی اداروں میں ترجمہ قرآن سیکولر طبقے کو ہضم ہی نہیں ہو رہا۔ حافظ ادریس نے کہا کہ پاکستانی طلبہ کو اپنی قومی زبان میں مکمل مہارت حاصل کرنی چاہیے اور پڑھنے کے ساتھ لکھنے کے میدان میں بھی کاوش سے ان کی تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔ انگریزی، عربی، چینی اور دیگر عالمی زبانوں کو بطور مضمون تعلیمی نظام کاحصہ ضرور بنانا چاہیے، مگر ذریعہ تعلیم قومی زبان ہی ہو گا تو ہم ترقی کر سکیں گے اور ذہنی مرعوبیت اور غلامی کی دلدل سے نکل سکیں گے۔