ماتلی ،قتل و رہزنی میں مفرور 2 ملزمان سمیت 8 گرفتار

274

ماتلی (نمائندہ جسارت ) ڈسٹرکٹ پولیس بدین کی منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف بڑی کارروائیاں، مختلف تھانوں کی حدود میں دیسی شراب، بھنگ اور مضر صحت گٹکے برآمد، قتل و رہزنی میں مفرور 2 ملزمان سمیت 8 افراد گرفتار۔ ضلع بدین کی سی آئی اے پولیس نے مخبری پر تلہار تھانے کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے ساڑھے چار کلو بھنگ برآمد کرلی اور اسی دوران منشیات فروش ملزم رمضان ملاح کو گرفتار کرکے تھانہ تلہار پر مقدمہ درج کر لیا۔ ایس ایچ او تھانہ ٹنڈو غلام علی انسپکٹر عاشق علی لونڈ نے پولیس نفری کے ساتھ دیسی شراب کی بھٹی پر چھاپا مارا اور 100 لیٹرز دیسی شراب برآمد کر تے ہوئے بھٹی کے مالک منشیات فروش ملزم غلام مصطفی شیدی کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ جبکہ ایس ایچ او تھانہ ماتلی سب انسپکٹر محمود خان نے پولیس نفری کے ہمراہ دورانِ گشت کارروائی کرتے ہوئے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم گل محمد سولنگی کو گرفتار کرلیا۔ ضلع بدین کے ہی کھورواہ تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر ایاز علی میمن نے پولیس اسٹاف کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے گٹکا فروش ملزم عرس سمیجو کو گرفتار کرکے مقدمہ دائر کرلیا، ملزم کے قبضے سے 20 ہزار مضر صحت گٹکے برآمد ہوئے تھے۔ ایک اور کارروائی میں ایس ایچ او تھانہ ڈیئی سب انسپکٹر بشیر احمد چانڈیو نے اسٹاف کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے رہزنی کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم منیر جمالی کو گرفتار کرلیا۔ جبکہ ایس ایچ او تلہار انسپکٹر دھنی بخش مری نے مع اسٹاف مختلف مقامات پر کارروائیاں کرکے 78 لیٹرز دیسی شراب برآمد کرلی اور اس دوران 3 منشیات فروش ملزمان غلام رضا جت، قادر بخش بھٹی اور غلام حسین عرف گورو ملاح کو گرفتار کرکے ملزمان کیخلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے۔