کے-الیکٹرک نے بھی بجلی مہنگی کرنے کی تیاری کرلی

275

کراچی: کے-الیکٹرک نے بھی بجلی مہنگی کرنے کی تیاری کرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق کے-الیکٹرک نے نیپرا کو بجلی مہنگی کرنے کی درخواست دے دی ہے، نیپرا کو ماہانہ فیول چارجز کی مد میں 97 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست موصول ہوئی ہے۔

نیپرا کے-الیکٹرک کی درخواست پر 29 ستمبر کو سماعت کرے گا۔ منظوری کی صورت میں کراچی کے صارفین پر ایک ارب 70 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست اگست کے مہینے کے لیے دی گئی۔

خیال رہے کہ بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ سینٹرل پاور پرچیز ایجنسی (سی سی پی اے) نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو بجلی 2 روپے 7 پیسے مہنگی کرنے کی سمری بھجوادی ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا جارہا ہے۔

سمری کی منظوری کی صورت میں صارفین پر25 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔ گزشتہ ماہ 15 ارب یونٹ بجلی کی لاگت 106 ارب روپے رہی جب کہ 20 پیسے فی یونٹ لائن لاسز کی نذرہوگئے۔