بھارتی بندرگاہ پر 445 ارب روپے مالیت کی ہیروئن ضبط

195
گجرات میں بندرگاہ پر ضبط کی گئی منشیات

گجرات (انٹرنیشنل ڈیسک) افغانستان سے بھارت اسمگل کی جانے والی 445 ارب روپے مالیت کی ہیروئن پکڑی گئی۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی کے حکام نے گجرات کی بندرگاہ پر 2700 کلوگرام ہیروئن ضبط کی ہے، جس کی مالیت 2 ارب 70 کروڑ امریکی ڈالر بتائی جا رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق متعلقہ اداروں نے 2افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور کئی دیگر سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ افغانستان سے اسمگل ہونے والی ہیروئن کو ایران کے راستے بھارت پہنچایا گیا تھا۔ بھارتی خفیہ ایجنسی کے حکام نے اس ضمن میں بتایا ہے کہ انہوں نے خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کی اور بڑی مقدار میں ہیروئن کی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔