ناقص اقتصادی ماڈل بحرانوں کا سبب ہے، مرتضیٰ مغل

153

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ ملک کا اقتصادی ماڈل تضادات سے بھرپور اور انتہائی ناقص ہے جسے درست کرنے کے بجائے شارٹ کٹس پر توجہ دی جا رہی ہے۔سبسڈی اور پیکجز کے ذریعے برآمدات بڑھانے کی پالیسی غلط ہے۔برآمدات بڑھانے کے لیے بہتر پالیسیوں صنعتی سرمایہ کاری میں اضافہ اور نئی ٹیکنالوجی پر فوکس کرنے کی ضرورت ہے جو نہیں کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے ایک بیان میں کہا کہ جب بھی کوئی حکومت سرعت سے برآمدات بڑھانے کی کوشش کرتی ہے اس سے تجارتی خسارہ اور مہنگائی بڑھ جاتی ہے، روپیہ گرنے لگتا ہے، ڈالر مہنگا ہو جاتا ہے اور نتیجہ وقتی خوشی کے بعدمنی بجٹ کی صورت میں نکلتا ہے جس کے بعد آئی ایم ایف کے در پر حاضری دینی پڑتی ہے۔بار بار کے ناکام تجربات کے باوجود برآمدی ماڈل میں دیرپا تبدیلی کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ موجودہ حکومت کو ملکی تاریخ کا سب سے زیادہ تجارتی خسارہ 37.6 ارب ڈالرو راثت میںملا تھا۔