ملک بھر میں کورونا وائرس سے مزید 40 افراد انتقال کرگئے

326

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار167 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 40 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 2 ہزار 312 مریض شفایاب ہو گئے ہیں جس کے بعد مثبت کیسز کی شرح 4 اعشاریہ 22 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر میں کمی آنے لگی ہے، ملک بھر میں کورونا وائرس سےمزید 40 افراد انتقال کرگئے جبکہ  کورونا وائرس کے اب تک پورے پاکستان میں 27 ہزار 246 مریض انتقال کر چکے ہیں، جس کے بعد اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 26 ہزار 8 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 63 ہزار 724 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 4 ہزار 840 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 11 لاکھ 35 ہزار 38 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 51 ہزار 348 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 89 لاکھ 3 ہزار 808 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق  پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8 لاکھ 29 ہزار 30 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، اب تک کُل 7 کروڑ 29 لاکھ 86 ہزار 511 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جاچکی ہیں جبکہ 2 کروڑ 39 لاکھ 66 ہزار 26 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 4 لاکھ 50 ہزار787 ہوچکی ہے جبکہ اس سے کُل اموات 7 ہزار 270 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 4 لاکھ 22 ہزار 790 مریض پورٹ ہوئے ہیں جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 12 ہزار 407ہو چکی ہیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 71 ہزار388 ہو چکی ہے جبکہ اس سے یہاں کُل اموات 5 ہزار 412 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 1 لاکھ 4 ہزار 242 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ اب تک یہاں کُل 902 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 33 ہزار 787 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 729 مریض وفات پا چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 32 ہزار 769 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 344 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں جبکہ گِلگت بلتستان میں 10 ہزار 245 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں، جس کے بعد اس سے اب تک 182 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔