قبول اسلام کیلیے عمر کا تعین دین میں مداخلت ہے، پیر محفوظ مشہدی

103

لاہور (آن لائن) جمعیت علماء پاکستان (سواد اعظم) کے مرکزی صدر پیر سید محمد محفوظ مشہدی اور سیکرٹری جنرل پیر سید محمد اقبال شاہ نے واضح کیا ہے کہ اسلام کی قبولیت کیلیے عمر کی حد کے تعین کا فیصلہ اسلام کے فروغ میں رکاوٹ اور مداخلت فی الدین ہوگا، ایسی آمرانہ سوچ جہالت اور بیرونی آقاؤں کو خوش کرنے کا حربہ ہے، خاص طور پر اسرائیل کو خوش کرنے کے لیے غیر شرعی فیصلے عوام پر تھوپنے کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ لڑکا لڑکی کی بلوغت ثابت ہونی
چاہیے کہ شرعی تقاضے موجود ہیں 18 سال کی عمر کا تعین کرنا کسی صورت منظور نہیں ہے۔ یہ آزادی اظہار رائے کو سلب کرنے اور مذہب اختیار کرنے کا غیر انسانی اور غیر اخلاقی طریقہ ہوگا۔ قبول اسلام کیلیے عمر کے تعین کی ممکنہ قانون سازی دعوت و فروغ اسلام کو روکنے کے مترادف اقدام ہوگا، جسے قبول نہیں کیا جائے گا۔