زمیز راجا کے چارج سنبھالنے سے پہلے ہی بورڈ کا لاٹھی چارج ، مصباح ، وقار کی چھٹی

260

 

کراچی (سید وزیر علی قادری)قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس اپنے عہدوں سے دستبردار ہوگئے ،دونوں نے پیر کو اپنے فیصلے سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کو آگاہ کردیا، مصباح الحق اور وقار یونس کو ستمبر 2019 میں قومی کرکٹ ٹیم کا بالترتیب ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔ پی سی بی کے مجوزہ چئیرمین رمیز راجا کے چارج سنبھالنے سے پہلے ہی بورڈ کا لاٹھی چارج، مصباح ، وقار کی چھٹی ۔ پی سی بی سے پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو3 ون ڈے اور5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے لیے 12 ستمبر کو پاکستان پہنچنا ہے جس کے لیے پاکستان ٹیم کل اسلام پہنچے گی،اس سیریز میں ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق قومی کرکٹ ٹیم کے عبوری کوچز کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔مصباح الحق نے کہاہے کہ انہوں نے جمیکا میں قرنطینہ کے دوران اپنے 24 ماہ کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ یہ آئیڈیل وقت نہیں مگر فی الحال ایسے فریم آف مائنڈ میں نہیں کہ آئندہ چیلنجز سے نبرد آزما ہوسکوں۔مصباح الحق نے کہا کہ وہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں،وقاریونس نے کہا کہ مصباح الحق نے اپنا فیصلہ بتایا تو انہوں نے بھی عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے نوجوان بولرز کے ساتھ کام کرنے پر بہت مطمئن ہیں۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی مصباح الحق کے فیصلے کا احترام کرتا ہے،گزشتہ 24 ماہ میں مصباح الحق نے اپنی تمام تر توانائیاں پاکستان کرکٹ کے لیے خرچ کیں۔وسیم خان نے کہا کہ وقار یونس نے جرات مندانہ فیصلہ کیا ہے،ہم نے ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق کو عبوری کوچز کی حیثیت سے نیوزی لینڈ سیریز کے لیے تعینات کیا ہے۔وسیم خان نے کہا کہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021 کے لیے ٹیم منیجمنٹ کا اعلان مناسب وقت پر کردیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق بورڈ نے دونوں اہم عہدیداروں کو 2روز قبل ہی ہٹانے کا فیصلہ کرلیا تھا تاہم مصباح کی پاکستان آمد اور اسکواڈ کے اعلان کے موقع تک اس فیصلے کو موئخر کردیا تھا۔ زرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا نے رمیز راجہ سے اس سلسلے میں سوالات کی بوچھاڑ کردی تھی جس پر انہوں نے چپ سادھ لی تھی۔