سانحہ بلدیہ مواچھ گوٹھ: شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

814

کراچی: سانحہ بلدیہ ٹاون میں شہید ہونے والے 7 خواتین اور بچوں سمیت 13افراد کی نماز جنازہ لانڈھی اسٹار گراؤنڈ میں ادا کی گئی نماز جنازہ میں سیاسی و مذہبی  جماعتوں کے رہنماوں نے شرکت کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق قائد آباد کے علاقے شیرپاو کالونی اسٹار گراونڈ میں بلدیہ مواچھ گوٹھ سانحہ میں شہید ہونے والے افراد کی اجتماعی نماز جنازہ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی امامت بعد نماز عصر  ادا کی گئی۔

حافظ نعیم الرحمن نے نماز جنازہ کے بعد مقتولین کے لواحقین کے لئے خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا کہ  پاکستان کے 75ویں جشن آزادی کے موقع پر دہشت گردوں نے کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ میں تخریب کاری کی۔

امیرجماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ سانحہ مواچھ گوٹھ کراچی کا امن و امان تباہ کرنے کی سازش ہے،لیکن عوام اور حکومت ملکر ہی ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملا کر دم لے گی۔

انہوں نے حکومت وقت سے اپیل کی کہ مذکورہ واقعہ کی فوری تحقیقات شروع کی جائے اور ملک دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں اور ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔