ملک سنگین سے خطرات سے دوچار ہے،فضل الرحمن ،29 اگست کو کراچی میں جلسے کا اعلان

99

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے29اگست کو کراچی میں جلسے کا انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت سنگین داخلی اور خارجی خطرات سے دوچار اور بدترین عالمی تنہائی کا شکار ہے۔اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعد قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور دیگر رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں کہا کہ پی ڈی ایم کا سرابراہی اجلاس ہوا، جس میں تمام جماعتوں کے قائدین، نواز شریف اور مریم نواز نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ا نہوں نے کہا کہ اجلاس میں مجموعی صورت حال، داخلی اور خارجی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اتفاق کیا گیا کہ ملک اس وقت داخلی اور خارجی سنگین خطرات سے دوچار ہے۔انہوں نے کہا کہ اس جعلی حکومت کو ملک کے اندر اور باہر ہر محاذ پر مکمل طور پر ناکامی کا سامنا ہے، ملک کو داخلی مسائل کے ساتھ سنگین ترین خارجہ خطرات نے پاکستان کو اس وقت بدترین عالمی تنہائی کا شکار بنا دیا ہے۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ افغانستان میں رونما صورت حال پر سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کو بیٹھنے کی اجازت دینے سے انکار سے ملک کا مفاد ہی تباہ نہیں ہوا بلکہ ملک کے وقار کو بھی تباہ کیا گیا۔ اپوزیشن اتحاد کے سربراہ نے کہا کہ آج کے اجلاس میں پیش تجاویزپر تمام جماعتیں مشاورت کریں گی، پی ڈی ایم کا21اگست کواسلام آباد میں اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوگا جبکہ 28اگست کوپی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس کراچی میں ہوگا اور 29 اگست کو کراچی میں جلسے کا انعقاد کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ میں موجودجماعتوں کو اعتمادمیں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پی ڈی ایم نے آزاد کشمیر الیکشن کے نتائج کو مسترد کیا جبکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو دھاندلی کا طریقہ قرار دیا ہے۔مولانا فضل الرحمن نے بتایا کہ آفتاب احمدخان شیرپاؤ کوپی ڈی ایم کا نائب صدرمنتخب کیا گیا ہے۔اس موقع پر مسلم لیگ ن نے صدر شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لندن میں نوازشریف کاعلاج جاری ہے، وہ علاج مکمل کیے بغیر واپس نہیں آئیں گے، انہوںنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نوازشریف کی صحت کے معاملے پر سیاست سے باز رہے اور اپنے وزرا کو بھی اس بات کا پابند کرے۔