اندرون سندھ ،سیدنا عمرفاروقؓ کا یوم شہادت مذہبی عقیدت کے ساتھ منایا گیا

367

ٹنڈومحمد خان، شہداد پور، ٹنڈوالٰہیار، سجاول (نمائندگان جسارت )اندرون سندھ مراد رسول حضرت عمر فاروقؓ کا یوم شہادت مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق یوم شہادت سیدنا حضرت عمر فاروقؓکے موقع پر ٹنڈو محمد خان میں ٹنڈو سائیں داد سے شان صحابہ کرام ریلی نکالی جو کہ شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔اس موقع پر پیر فضل جان سرہندی، آغا عبدالرحمن جان سرھندی، پیر ضیا النبی جان سرہندی ،پیر مولانا منصور جان سرہندی، پیر نور نبی جان سرہندی اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے حضرت عمر فاروقؓ کی زندگی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ حضرت عمر فاروقؓ کا دور اسلامی تاریخ کا سنہری دور تھا جس میں چرند پرند اور اشرف المخلوقات کو یکساں حقوق حاصل تھے۔ حضرت عمر فاروقؓ نے 22 لاکھ مربع میل پر حکمرانی کی اور دنیا میں عدلیہ، فوج اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کیا۔ آپ کے مثالی دور میں انسان تو دور کی بات کوئی جانور بھی بھوکا نہیں سوتا تھا آپ نے اعلان کیا تھا کہ اگر میرے دور میں کوئی جانور بھی بھوکا پیاسا مرجائے تو اس کا ذمے دار میں ہوں۔ حضرت عمر فاروقؓ کا میدان جنگ میں کوئی مد مقابل نہیں تھا اسی لیے ایک مجوسی نے مسجد نبوی میں دوران نماز پیٹ پر زہر آلود خنجر سے وار کرکے شہید کیا۔ دوسری جانب شہدادپور میں بھیحضرت عمر فاروقؓ کے حوالے سے ریلی و جلسے کا اہتمام کیا گیا جس میں مقررین نے کہا کہ سیدنا عمرفاروقؓ ایک عظیم صحابی رسول تھے۔ان کو رسول اللہ نے اللہ تعالی سے مانگا۔ایسے عظیم صحابی رسول کی شہادت پر عام تعطیل کی جائے اور اس دن کو سرکاری سطع پر منایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار اہلسنت والجماعت شہدادپور کی جانب سے نکالی گئی ریلی کے شرکا سے ممتاز معاویہ،مفتی عبدالعزیز،قاری اسلام اور منیر قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ حضرت عمر فاروقؓ کا دن سرکاری سطح پر منا کر عوام میں پھیلی بے چینی ختم کی جائے اور اس دن عام تعطیل کا اعلان کیا جائے۔ ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں جھنڈے اور بینر اٹھا رکھے تھے جن میں حضرت عمر فاروقؓ کی شہادت پر عام تعطیل کا مطالبہ تھا۔ آخر میں ریلی کے شرکا پرامن طریقے سے منتشر ہوگئے۔ اس موقعے بر انتظامیہ کی جانب سے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔محرم الحرام کا مقدس مہینہ ہمیں اتحاد ویکجہتی اور باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے،سیدنا عمر فاروقؓ کا طرز حکمرانی اپنا کر ہی اسلام کو بلندیوں پر پہنچایا جاسکتا ہے،اسلام دشمن قوتوں کو واضح پیغام ہونا چاہیے کہ حق عدل وانصاف کیلیے سیدنا عمر فاروقؓ کی عدالت اور ظالم کیلیے تلوار ہیں، مظلوموں کمزوروں پر ظلم برداشت نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحر یک کے ضلعی صدر حا فظ علی اصغر نقشبندی نے یکم محرم کے سلسلے میں منعقدہ پر وگرام سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔