نوکنڈی ٹو ماشکیل سی پیک روڈ تعمیر ہوگی‘صادق سنجرانی

448

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت) چیئرمین سینیٹ حاجی محمد صادق خان سنجرانی نے کہا ہے کہ نوکنڈی ٹو ماشکیل سی پیک روڈ7 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہوگی، سڑک سے عوام بھرپور استعفادہ کریں گے اور پاک ایران آر سی ڈی شاہراہ کے ساتھ منسلک ہوجائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوکنڈی ٹو ماشکیل سی پیک روڈ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ 102 کلو میٹر سی پیک روڈ2 سال کی قلیل مدت میں تیار ہوگا،24 جولائی2023ء تک سڑک کا کام مکمل ہوجائے گا صوبے کی معاشی و اقتصادی ترقی میں شاہراہیں کلیدی کردار ادا کریں گی۔ اس سے قبل چیئرمین سینیٹ2 روزہ دورے پر دالبندین پہنچے جہاں انہوں نے قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماشکیل اور نوکنڈی کے درمیان سڑک کا تعمیر ہونا عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا، اب پورا ہوگیا، اس سڑک کی بدولت ایک بڑی تبدیلی آئے گی اور لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔ صادق سنجرانی 2روزہ دورے پر ضلع چاغی میں موجود ہیں جہاں وہ مختلف قبائلی عمائدین سے ملاقات بھی کریں گے ۔