وفاقی و صوبائی حکومتوں نے کراچی کے عوام کو لوٹنے کے سوا کچھ نہیں کیا،حافظ نعیم الرحمن

256
کراچی: حافظ نعیم الرحمن ناز و جناح پلازہ پر الخدمت ویکسی نیشن یونٹ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں، محمود حامد اور سید نوید احمد بھی موجود ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوںنے کراچی کے عوام کو لوٹنے کے سوا کچھ نہیں کیا ۔ کورونا وبا میں لاک ڈائون سے تاجروں کا 100 ارب روپے کا نقصان کیا گیا مگر ابھی انہیں کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا گیا۔لاک ڈائون سے ایک روز قبل جوبلی مارکیٹ کو منہدم کیا گیا جس کی ہم مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ متاثرہ تاجروں کو روزگار کمانے کے لیے متبادل جگہ دی جائے اور اس سے قبل کراچی میں جو 6ہزار سے زاید دکانیں مسمار کی گئیں ان سب کو بھی متبادل فراہم کیا جائے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے کراچی کا دورہ کیاوہ صرف دن ہی دن میں کراچی آتے ہیں ۔ انہوں نے 2019ء میں 162ارب روپے اور ستمبر 2020ء میں 1100ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا،جس میں سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ ہمارا حصہ بھی اس میں شامل ہے ، کراچی کے عوام سوال کرتے ہیں کہ یہ سارے پیکجز کہاں گئے؟ گرین لائن منصوبہ رکا ہوا ہے ، شہر گندگی کا ڈھیر بنا ہوا ہے ، عوام پانی کے لیے ترس رہے ہیں ، لاک ڈائون نے تاجروں کو فاقہ کشی میں مبتلا کردیا ہے ۔ دینے والے ہاتھ لینے والے ہاتھ بن گئے ہیں لیکن حکومتوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ناز و جناح پلازہ میں تاجروں کے لیے الخدمت کے زیر اہتمام موبائل ویکسی نیشن یونٹ کے افتتاح کے موقع پر تاجروں اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمود حامد ، نازو جناح پلازہ الیکٹرونکس مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر سید نوید احمد نے بھی خطاب کیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بھوک اور افلاس صوبے میں رقص کر رہی ہے اور پیپلز پارٹی کراچی پر قبضے کی سازشوں میں مصروف ہے ، تحریک انصاف اور عمران خان سندھ فتح کرنا چاہتے ہیں ، دونوں نے کراچی کے عوام کے بنیادی مسائل نظر انداز کردیے ہیں اور وفاقی و صوبائی حکومتیں اور حکمران پارٹیاں مل کر کراچی کو تباہ اور برباد کر رہی ہیں ، کراچی میںسیاسی ایڈمنسٹریٹر کے تقرر کا مقصد بھی ایک بہتر چہرے کو آگے کر کے لوٹ مار کو جاری رکھنا ہے ، انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں لوگوں کو سہولیات میسر نہیں ، کورونا ویکسی نیشن کے لیے مشکلات ہیں اسی وجہ سے الخدمت اپنے وسائل سے عوام کو ویکسی نیشن فراہم کر رہی ہے ۔الخدمت اپنی استطاعت اور وسائل کے مطابق کام کررہی ہے۔الخدمت کے رضاکار مبارکباد کے مستحق ہیں جو مسلسل کام کررہے ہیں۔سندھ حکومت نے ڈیڑھ سال میں اسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے کوئی انتظام نہیں کیا،اسپتالوں میں او پی ڈی کے مریضوں کو ایڈمٹ نہیں کیاجارہا، اس صورتحال میںجماعت اسلامی اور الخدمت حکومت کے ساتھ تعاون کرنے پرتیار ہے،الخدمت کی موبائل ویکسی نیشن وین بہادر آباد، ناظم آباد، ایکسپو سینٹر سمیت متعدد مقامات پر کراچی کے شہریوں کو سہولت فراہم کررہی ہے ۔ امیر جماعت اسلامی نے دوائوں کی قیمتوں میں بار بار اضافے اور مہنگائی پر تشویش کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمود حامد نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا ویکسی نیشن کی سہولت فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جہاں ملک میں لوٹ مار کرنے والوں کے کردار پر عوام تشویش میں مبتلا ہیں وہاں جماعت اسلامی کی دیانت دار قیادت کی موجودگی اطمینان کا باعث ہے جو کسی کرپشن میں ملوث نہیں ، یہ قیادت جو سرکاری وسائل کی عدم دستیابی کے باوجود عوام کی مدد سے وسائل پیدا کر کے غریب عوام کی خدمت کررہی ہے۔ نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ اور عبد الستار افغانی نے بھی اپنے اپنے ادوار میں کراچی کے عوام کی بے مثال خدمت کی ۔ نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کے دور میں کراچی کا بجٹ 16ارب روپے سے 125ارب تک پہنچ گیا ۔ بحیثیت تاجر میرا انتخاب ایسی قیادت ہے جو خورد برد نہ کرے بلکہ مجھ پر اور عوام پر خرچ کرے ۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمیں کھرے اور کھوٹے میں فرق سمجھ میں آگیا ، ہمارا صحیح انتخاب ہی ہمارے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے ۔