نیب اجلاس،کرپشن ریفرنس دائر کرنے 5 انویسٹی گیشن اور 11 انکوائریوں کی منظوری

131

اسلام آباد (اے پی پی) قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ نے بدعنوانی کا ایک ریفرنس دائر کرنے،5 انویسٹی گیشن اور 11انکوائریوں کی منظوری دی ہے۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلا س میں پسنی فش ہاربر اتھارٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر منیر احمد اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی‘ ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سرکاری فنڈ میں خردبرد کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو 412.18 ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ اجلاس میں 5انوسٹی گیشنز کی منظوری دی گئی۔ جن میں میر عبد الغفورلہڑی سابق وزیر انڈسٹریز اینڈ کامرس ڈپارٹمنٹ حکومت بلوچستان اور دیگر، نیشنل ہائی ویز اتھارٹی ضلع خضدار کے افسران / اہلکاران اور دیگر، کوئٹہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے افسران / اہلکاران اور دیگر، فیڈرل لینڈ کمیشن، ریونیو ڈپارٹمنٹ تحصیل ہارون آباد ضلع بھاولنگرکے افسران / اہلکاران اور دیگر، واپڈاواٹر ونگ اسلام آباد کے افسران /اہلکاران اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشنز کی منظوری شامل ہے۔ اجلاس میں 11انکوائریز کی منظوری دی گئی۔جن میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب، سابق ایم این اے، سابق کمشنر بہاولپور اور دیگر،کوئٹہ ڈولپمنٹ اتھارٹی کے افسران / اہلکاران اور دیگر، سکندر عمرانی سابق ضلعی ناظم نصیر آباد اور دیگر، علی احمد مینگل سابق سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو ڈپارٹمنٹ کوئٹہ اور دیگر، پاکستان اسٹیٹ آئل کے اہلکاران اور دیگر، بلوچستان ریونیو اتھارٹی کوئٹہ کے افسران/ اہلکاران اور دیگر، بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی اوستہ محمد ضلع جعفرآباد کی انتظامیہ اور دیگر، محکمہ جنگلات جھل مگسی ضلع جعفر آباد کی انتظامیہ اور دیگر، قیصر شبیر، فیصل شبیر ڈائریکٹرز میسرز شجاع آباد آئل ملز، میسرز شبیر فیڈ ملز اور میسرز شجاع آباد ویونگ ملز اور دیگر، وائس چانسلر خواجہ فرید یونیورسٹی رحیم یار خان اور دیگر، ایڈمنسٹریٹر/ کمشنر میٹرو پولیٹن کارپوریشن ملتان اور دیگرکے خلاف انکوائریز کی منظوری شامل ہے۔ دریں اثنا چیئرمین نیب نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے علاوہ نیب ہیڈکوارٹرز میں بزنس کمیونٹی کے رہنمائوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل حل کرنے کے لیے نہ صرف فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور انڈرانوائسنگ کے مقدمات ایف بی آر کو بھجوادیے بلکہ نیب ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں ایک ڈائریکٹر کی سربراہی میں بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے اسپیشل ڈیسک قائم کی جس پر بزنس کمیونٹی کے رہنمائوں نے چیئرمین نیب کا شکریہ ادا کیا۔