ترقی میں رکاوٹ ملک دشمن قوتوں کو مل کر ناکام بنانا ہوگا‘ فرخ حبیب

300
اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب اسلامی نظریاتی کونسل کی فکری نشست سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) وزیر مملکت اطلاعا ت و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان ایٹمی ملک ہے۔ اس کا نہ صرف خطے بلکہ عالم اسلام میں ایک اہم مقام ہے۔سی پیک بھارت کو کھٹکتا ہے، پاکستان کی بہتری اور ترقی کے ہر منصوبے میں ملک دشمن قوتیں روڑے اٹکارہی ہیں، انہیں مل کر ناکام بنانا ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں پر امن سیاسی مفاہمت کے لیے کردار جاری رکھا ہوا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ امن کو موقع ملے۔ پاکستان کسی جنگ یا انتشار کا حصہ نہیں بننا چاہتا۔اسلامی نظریاتی کونسل میں مختلف مسالک کے درمیان روبط حوالے کے لیے فکری نشست سے خطاب کرہے تھے۔وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ اسلام نظریاتی کونسل بین المسالک اتحاد اور روابط مضبوط کرنے، دینی معاملات اور جڑے معاشرتی پہلوئوں پر پوری قوم کی راہنمائی کرنے کے لیے اہم کر دار ادا کر رہی ہے۔ قومی سطح پر حکومت اور عوام کو ایک بہترین راہنمائی اسلامی نظریاتی کونسل سے مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں امن اور قومی سلامتی کے امور پر اپنے اتحاد کو مزید مضبوط بنانا ہے، کسی بھی ناسمجھ یا کم عقل کو موقع نہیں دینا کہ وہ سمجھتے یا نہ سمجھتے ہوئے دشمن کا آلہ کار بنے۔ ہمیں متحد ہوکر انتشار کا گلا دبانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آپس کے اختلافات کو ملک دشمن قوتوں نے استعمال کرنے کی کوشش کی، جیسے پہلے ہم نے ناکام بنایا ایسے ہی آئندہ بھی ایسی مذموم کوششوں کو ناکام بنانا ہے۔