جراثیم کش اسپرے جماعت اسلامی بلدیاتی وسائل بہتر استعمال کرسکتی ہے،حافظ نعیم الرحمن

148

کراچی (اسٹاف رپورٹر) الخدمت کراچی اور کے ایم سی کے اشتراک اور تعاون سے شہر بھر میں جراثیم کش اسپرے مہم تیزی سے جاری ہے ‘ منگل کے روز دوسرے دن ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں اسپرے کیا گیا‘ مہم میں الخدمت کے رضا کاروں نے حصہ لیا ‘ مکینوں نے اسپرے مہم کو سراہا اور الخدمت کی کوششوں کی تعریف کی۔ مہم کے دوران جماعت اسلامی ضلع وسطی کے امیر وجیہ حسن بھی موجود تھے‘ انہوں نے اسپرے مہم کا جائزہ لیا اور الخدمت کے رضا کاروں کی حوصلہ افزائی کی ۔ قبل ازیں مہم کے پہلے دن ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں میں جراثیم کش اسپرے کیا گیا جبکہ بدھ 4 اگست کو مہم کے تیسرے دن ضلع کیماڑی، ضلع غربی اور قائدین میں اسپرے کیا جائے گا۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے الخدمت اور کے ایم سی کے اشتراک سے شہر میں جاری جراثیم کش اسپرے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ الخدمت نے کے ایم سی کے تعاون اور اشتراک سے شہریوں کو بیماریوں سے بچائو کے لیے اسپرے مہم کا آغاز کر دیا ہے ، الخدمت اپنے محدود وسائل میں کراچی کے عوام کے لیے یہ خدمت سرانجام دے رہی ہے ، آج ایک بار پھر یہ بات ثابت ہوگئی کہ جماعت اسلامی اور الخدمت بلدیاتی وسائل کو بہتر طریقے سے استعمال کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے‘ سندھ حکومت کی ذمے داری تھی کہ وہ صوبائی دارالخلافہ میں بروقت وبائی امراض اور بیماریوں سے بچائو کے لیے اسپرے کراتی‘ اگر سندھ حکومت کو اپنی ذمے داری کا احساس ہوتا اور وہ یہ مہم صورتحال گھمبیر ہونے سے پہلے ہی شروع کرتی تو زیادہ وسیع پیمانے پر یہ کام ہو سکتا تھا اور نوبت یہاں تک نہ آتی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت نے گزشتہ سال بھی صرف اپنے وسائل اور اپنی مدد آپ کے تحت شہر بھر میں جراثیم کش اسپرے کے لیے ایک موثر مہم چلائی تھی اور بلاتخصیص رنگ ، نسل و مذہب رہائشی علاقوں اور تجارتی مراکز میں اسپرے کیا گیا ۔ مساجد اور مدارس ہی نہیں گرجا گھروں ، گردواروں اور مندروں میں بھی اسپرے کیا گیا ۔ اقلیتی برادری کی بستیوں اور علاقوں میں بھی الخدمت کی ٹیموں نے اسپرے کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے الخدمت کے رضا کاروں کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے حوصلے اور جذبے کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت عوام کی خدمت جاری رکھے گی۔