افغان امن عمل پروزیرخارجہ کا بیان غلط پیش کیا گیا‘زاہد حفیظ

66

اسلام آباد(صباح نیوز)ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چودھری نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن سے متعلق وزیرخارجہ کا بیان غلط طور پر پیش کیا گیا،پاکستان بار بار کہہ چکا کہ اس کا افغانستان میں کوئی فیورٹ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا پر طالبان سے متعلق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان پر وضاحت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیرخارجہ نے واضح طور پر عالمی برادری خود افغانوں کے درمیان دہشت گردی کی لعنت پر اتفاق پیدا کرنے کے بارے میںبات کی۔ ان کے بیان کو کسی صورت افغان تنازع کے کسی ایک فریق کی وکالت نہیں لینا چاہیے ، پاکستان سمجھتا ہے کہ تنازع کے تمام فریقین افغان ہیں جنہیں اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنا چاہیے، ہم افغان امن عمل میں تعمیری سہولت کاری کا کردار جاری رکھیں گے، تمام توانائیاں افغان تنازع کے جامع سیاسی حل پر ایک بار پھر زور دیتے ہیں۔