مشیر قومی سلامتی کی امریکی ہم منصب سے ملاقات، افغان تنازع پر گفتگو

179

واشنگٹن (صباح نیوز) امریکی اور پاکستانی مشیرانِ قومی سلامتی کی ملاقات ہوئی جس میں افغانستان میں مذاکرات کے ذریعے سیاسی تصفیے اور پر تشدد کارروائیوں میں کمی کی فوری ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مشیر قومی سلامتی معید یوسف اور ان کے امریکی ہم منصب جیک سلیوان کی ملاقات کے حواسے سے بتایا گیا ہے کہبات چیت کے دوران باہمی دلچسپی کے معاملات کا بھی احاطہ کیا گیا۔دونوں عہدیداروں کے درمیان واشنگٹن میں ہونے والی یہ دوسری ملاقات تھی اس سے قبل دونوں عہدیدار مارچ میں جنیوا میں ملاقات کرچکے تھے۔اس سلسلے میں معید یوسف نے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ملاقات مثبت رہی، دونوں فریقین نے پاک، امریکا دو طرفہ تعاون کی رفتار مستحکم رکھنے پر اتفاق کیا۔ امریکی مشیر قومی سلامتی نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ علاقائی روابط، سیکورٹی اور باہمی تعاون کے دیگر معاملات پر مشاورت کے لیے پاکستانی مشیر قومی سلامتی سے ملاقات کی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے افغانستان میں پر تشدد کارروائیوں میں فوری کمی کی ضرورت اور تنازع کے بات چیت کے ذریعے سیاسی تصفیے پر تبادلہ خیال کیا۔جب سے امریکی صدر جو بائیڈن نے اقتدار سنبھالا جنیوا میں ہونے والی ملاقات دونوں ممالک کا عملی طور پر پہلا اعلی سطح کا رابطہ تھا جو برف پگھلانے کا سبب بنا۔