بلوچستان میں ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ فوادچودھری

73

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین نے جمعرات کو ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے ظہور احمد آغا کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ بلوچستان میں سماجی و اقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بدقسمتی سے ماضی میں کسی نے بلوچستان کی ترقی پر توجہ نہیں دی، پی ٹی آئی کی حکومت نے بلوچستان کو سب سے بڑا ترقیاتی پیکیج دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اعلان کردہ بلوچستان پیکیج سے خطے کی ستر سالہ محرومیوں کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کا سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہوگا، بلوچستان میں ترقیاتی منصوبے حقیقی گیم چینجر ثابت ہوں گے۔ ان منصوبوں کو بروقت مکمل کرلیا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بلوچستان کو ملک کے دیگر صوبوں کے برابر لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ترقی کے لیے امن ضروری ہے۔ امید ہے کہ گورنر بلوچستان امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔