بلوچستان میں سماجی و اقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وفاقی وزیراطلاعات

313

اسلام آ باد: وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سماجی و اقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے،  بدقسمتی سے ماضی میں کسی نے بلوچستان کی ترقی پر توجہ نہیں دی گئی، پی ٹی آئی کی حکومت نے بلوچستان کو سب سے بڑا ترقیاتی پیکیج دیا ہے اور سی پیک کا سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہوگا۔

 تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے ملاقات کی، جس میں  وفاقی وزیر اطلاعات نے ظہور احمد آغا کو گورنر بلوچستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی جبکہ ملاقات میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری بھی موجود تھے۔

چوہدری فواد حسین  نے کہاکہ  بلوچستان میں سماجی و اقتصادی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے،  بدقسمتی سے ماضی میں کسی نے بلوچستان کی ترقی پر توجہ نہیں دی گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے بلوچستان کو سب سے بڑا ترقیاتی پیکیج دیا ہے  اور وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اعلان کردہ بلوچستان پیکیج سے خطے کی ستر سالہ محرومیوں کا خاتمہ ہوگا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ  سی پیک کا سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہوگا، بلوچستان میں ترقیاتی منصوبے حقیقی گیم چینجر ثابت ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ترقی کے لئے امن ضروری ہے، امید ہے گورنر بلوچستان امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔

دوسری جانب گورنر بلوچستان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کی محرومیوں کو دور کرنے کی کوششیں قابل ستائش ہیں، وفاق اور صوبائی حکومت کے مابین بہتر روابط کےلئے اپنا کردار جاری رکھوں گا جبکہ دونوں حکومتوں کے درمیان بہتر روابط کا فائدہ بلوچستان کے عوام کو ہوگا۔