سندھ میں ایک ماہ میں کورونا کیسز میں 4فیصد اضافہ ہوا، مرتضیٰ وہاب

82

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اس وقت کورونا وائرس کی صورت حال خطرناک ہے ،عوام سے اپیل ہے کہ جعلی واٹس ایپ ڈاکٹرز کے مشوروں پر عمل نہ کریں۔ سندھ اسمبلی بلڈنگ کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین پر منفی پروپیگنڈا کرکے عام آدمی کا نقصان کیا جارہا ہے،دنیا کی بڑی طاقتوں کا صحت کا نظام کورونا وائرس کے دباؤ کو برداشت نہیں کر پایا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار سے زاید کورونا مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔ ترجمان سندھ حکومت نے بتایاکہ 26 جون کو سندھ میں 511 مریض تھے جبکہ 26 جولائی کو 2153 مریض ہوچکے ہیں۔ مریضوں کی تعداد بڑھنے سے اسپتالوں پر دباؤ بڑھتا ہے ، نجی و سرکاری اسپتالوں میں گنجائش کم ہورہی ہے۔ سرکاری اسپتال 75 فیصد بھر چکے ہیں جبکہ نجی اسپتالوں میں گنجائش قریباً مکمل ہوچکی ہے۔ ہمیں لاک ڈاؤن لگا کر خوشی نہیں ہوتی ،مشکلات کو سمجھیں اوراحتیاط کریں، غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ویکسینیشن نہ کرانے کی شرح اچھی نہیں اب ویکسین لگانا نا گزیر ہے۔ آپ چاہتے ہیں کہبھارت جیسے حالات یہاں نہ ہوں تو ایس او پیز پر عمل کریں۔ اسپتالوں میں زیر علاج 87 فیصد افراد نے کورونا ویکسین نہیں لگوائی۔ جمعہ کو دوبارہ کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوگا اور اگر صورت حال یہی رہی تو پھر سخت ترین فیصلے ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پابندیاں عوام کے مفاد میں لگاتے ہیں۔