الخدمت کراچی کا شہریوں کو آکسیجن مفت فراہم کرنے کا فیصلہ

241

کراچی(اسٹاف رپورٹر)الخدمت نے کورونا وباکی موجودہ صورتحال کے پیش نظرشہریوں کو آکسیجن کی مفت اور فوری فراہمی یقینی بنانے کا فیصلہ کرلیا ۔شہرکے تمام علاقوں میں قائم الخدمت ہیلپ سینٹرز پردن بھر آکسیجن کی دستیابی کے ساتھ شہر کے2 مقامات پر 24 گھنٹے آکسیجن سلنڈرز کی دستیابی کی بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔الخدمت کر اچی کا اہم اجلاس گزشتہ روز چیف ایگز یکٹو نوید علی بیگ کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایگز یکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی، ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین ،فرحان سہیل ودیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران کراچی میں کورونا کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور الخدمت کی جانب سے مفت آکسیجن سروس کے ذریعے لوگوں کو فوری آکسیجن کی فراہمی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں الخدمت کے تحت قائم ہیلپ سینٹرز سے لوگوں کو آکسیجن سلنڈر ز دینے ، لیاقت آباد اور الخدمت ہیڈ آفس سے سلنڈرز کی 24گھنٹے مفت فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نوید علی بیگ نے کہا کہ کراچی میں چو تھی لہر کے دوران کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ تشویش کی بات ہے ۔ کورونا کی بڑھتی ہوئی شرح کے سبب عوام پر لازم ہوگیا کہ وہ احتیاط کر یں ،ویکسین لگو ائیں اور ماسک کا استعمال کریں ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت نے مشکل صورتحال میں شہر یوں کو آکسیجن سلنڈر کی مفت فراہمی کے عمل کو فوری اور مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں تاکہ لوگوں کو دن میں کسی بھی وقت ،لیاقت آباد اور الخدمت کے مرکز سے 24 گھنٹے آکسیجن سلنڈر دستیاب ہو سکیں۔الخدمت نے آکسیجن سلنڈرز کی مفت فراہمی کورونا کی پہلی لہر کے دوران شروع کی تھی جو کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ اب تک سیکڑوں لوگ اس سہولت سے استفادہ کرچکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص ڈاکٹر کی تجویز کردہ ا ٓکسیجن کی پرچی اوراصل شناختی کارڈ کے ساتھ الخدمت ہیلپ سینٹر یا مرکزی آفس آکرآکسیجن سلنڈرحاصل کرسکتا ہے ۔نوید علی بیگ نے اہل خیر سے اپیل کی کہ وہ لوگوں تک مفت آکسیجن سلنڈر پہنچانے کے عمل میں مالی تعاون کریں ۔