سفرحج: منی میں آج دوسرے دن کی رمی اختتام

399

ریاض: مناسک حج کامیابی سے اختتام کی جانب بڑھ  رہا ہےجبکہ حجاج منی میں بدھ گیارہ ذوالحجٰہ کو  دوسرے دن سماجی فاصلے اور احتیاطی تدابیر کے ساتھ تینوں شیطانوں کی رمی کر رہے ہیں۔

سعودی میڈیا کے مطابق  جمعرات کو تیسرے دن کی رمی کرکےغروب آفتاب سے قبل تمام حجاج اپنے اپنے سفر پر روانہ ہو جائیں گےجبکہ منیٰ میں قیام کرنے والے حجاج چوتھے دن کی رمی کے بعد منیٰ کو الوداع کہیں گے۔

خیال رہے دوسرے دن کی رمی کے بعد حجاج منی میں اپنا وقت عبادت میں گزاریں گے، سعودی حکام نے حجاج کی سلامتی کے لیے تمام ترانتظامات کر رکھے ہیں جبکہ جن حجاج نے منگل کو قربانی اور حج کا طواف نہیں کیا ہوگا وہ آج کے دن قربانی اور طواف بھی کریں گے۔

یاد رہے عیدالاضحیٰ کے پہلے دن حجاج نے جمرہ عقبہ (بڑے شیطان ) کی رمی اور قربانی کی پھر مکہ مکرمہ پہنچ کر طواف افاضہ کیا جبکہ اس سے قبل حجاج کے قافلے نو ذوالحجہ کو میدان عرفات میں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کرکے مزدلفہ پہنچے تھے۔

مزدلفہ میں تقریباً چھ گھنٹے قیام کے بعد عازمین حج کو پیر کی درمیانی شب منیٰ پہنچا دیا گیا تھا اور حجاج کو منیٰ پہنچانے کے لیے ایک ہزار 700 بسیں استعمال کی گئیں۔

جمرات کی رمی جسے عرف عام میں شیطانوں کو کنکریاں مارنا کہا جاتا ہے، حج کے اہم مناسک میں سے ایک ہے اور رمی کو آسان اور محفوظ بنانے کےلیے جمرات کمپلکں بنایا گیا ہے جو 950 میٹر طویل ہے۔

واضح رہے ایمرجنسی فورس کے اہلکار حج قوانین کی ممکنہ خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے منیٰ کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ  ہزاروں افسران اور اہلکار 500 کیمروں کی مدد سے منیٰ کے ہر علاقے پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔