ملک بھر میں کورونا سے مزید 30 اموات ،کراچی میں صورتحال تشویشناک

119

کراچی/ اسلام آباد/ ملتان (اسٹاف رپورٹر/ خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں کورونا سے مزید30اموات ہوئی ہیں‘کراچی میں صورتحال تشویشناک ہوگئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کورونا کے مزید 2452 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ اس وائرس نے مزید 30 افراد کی جان لے لی ہے۔ گزشتہ روز 49 ہزار 503 ٹیسٹ کیے گئے۔ اب تک مجموعی طور پر 9 لاکھ 91 ہزار 727 افراد میں کورونا تشخیص ہو چکی ہے، جن میں سے 9 لاکھ 20 ہزار 66 صحتیاب ہوچکے ہیں‘ فعال کیسز کی تعداد 48 ہزار 850 ہے‘ 245 وینٹی لیٹر پر زیر علاج ہیں ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کورونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں17 مریض انتقال کرگئے جبکہ 1247 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور493 افراد صحتیاب ہوئے ہیں‘11794 نمونوں کی جانچ کی گئی ‘ اس وقت 31329 مریض زیر علاج ہیں ‘ 952 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں سے 64 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ 1247 نئے کیسز میں سے 1015 کا تعلق کراچی سے ہے۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کورونا کی صورتحال پھر خراب ہو رہی ہے‘ شہری اگر چاہتے ہیں کہ پابندیاں نہ لگیں تو ایس او پیز پر عمل کریں۔ ترجمان محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے دوران مثبت کیسز کی شرح23.32 فیصد ریکارڈ کی گئی‘ حیدر آباد میں وائرس کی شرح.25 5 ریکارڈ کی گئی‘ دیگر اضلاع میں یہ 2.06 فیصد ہے۔ کراچی میں کورونا وائرس کے بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے باعث بڑے سرکاری اور غیر سرکاری اسپتالوں میں جگہ ختم ہونے لگی۔ انڈس اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انڈس اسپتال کا کورونا وارڈ اور ایمرجنسی مریضوں سے بھر گئی ہے‘ اضافی بیڈز لگا کر مریضوں کو رکھا جا رہا ہے۔ پروفیسر عبدالباری نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال بے قابو ہو چکی ہے‘ عوام سے ایس او پیز پر عمل کرنے اور ویکسین لگوانے کی درخواست ہے۔ حکام محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ایکسپو سینٹر کراچی میں مزید مریضوں کے داخلے کی گنجائش نہیں‘ آغا خان اسپتال نے کورونا کے مزید مریضوں کو لینے سے منع کردیا۔ دوسری جانب ڈاکٹروں اور ماہرین صحت نے حکومت سے کراچی میں کورونا کے بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے تیزی سے پھیلنے کے باعث ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ کا مطالبہ کیا ہے۔ حکام کے مطابق کراچی میں ڈیلٹا ویرینٹ کی شرح 92 فیصد سے بڑھ چکی ہے، ڈاکٹروں اور طبی عملے میں بھی کورونا وائرس انفیکشن کی شرح بڑھنے لگی ہے۔ حکام کے مطابق سول اسپتال کراچی میں 48بیڈ کے سرجیکل وارڈ کو کورونا وارڈ میں بدلا جا رہا ہے‘ جناح اسپتال کراچی کے چیسٹ وارڈ کو بھی کورونا وارڈ میں بدلنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ پروفیسر انجم رحمن نے بتایا کہ لیاری جنرل اسپتال کے کورونا وارڈ میں بیڈز کی تعداد بڑھا رہے ہیں، شہر کے چند پرائیویٹ اسپتالوں میں جگہ خالی ہے لیکن مریض وہاں جانے کو تیار نہیں۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل قیصر سجاد نے کہا ہے کہ کراچی میں ڈیلٹا ویرینٹ تیزی سے پھیل رہا ہے ‘ اس کو نہیں روکا تو حالات خراب ہوسکتے ہیں‘ لوگ عید کے موقع پر خاص احتیاط کریں۔ ملتان میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 21 کاروباری مراکز سیل کر دیے گئے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق دکانداروں پر 80 ہزار روپے جرمانہ عاید کیا گیا‘ ولیمے میں مدعو مہمانوں کی ویکسی نیشن کا ثبوت نہ ہونے پر شادی ہال بھی سیل کیا گیا۔ پاکستان کورونا سے متاثرہ ممالک کی عالمی فہرست میں 30 ویں نمبر پر آگیا‘ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کورونا وائرس کے 15 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔