حج کارکن اعظم وقوف عرفہ آج ہوگا

124

ریاض(آئی این پی)60ہزار عازمین نے مناسک حج کا آغاز کردیا ،حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ آج ادا کیا جائے گا۔یہ دوسرا سال ہے کہ جب مسلمانوں کے اس مذہبی فریضے کا انعقاد کورونا وبا پھیلا روکنے کے لیے محدود پیمانے پر کیا جارہا ہے اور عازمین کی تعداد بھی مختصر ہے۔ دیگر ملکوں سے عازمین حج اس مرتبہ سعودی عرب نہیں آئے تاہم سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کو حج کا موقع دیا گیا ہے۔ 8 ذی الحج کو مناسک حج کے پہلے روز عازمین حج منیٰ میں رہے، اس دوران انہوں نے ظہر، عصر، مغرب اور عشاء کی نمازیں اپنے خیموں میں ہی ادا کیں۔ عازمین آج 9 ذی الحج کو نماز فجر کی ادائیگی کے بعد حج کا رکن اعظم ادا کرنے کے لیے عرفات کا رخ کریں گے، عرفات میں خطبہ حج کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں ایک وقت میں قصر کر کے پڑھی جائیں گی اور پھر غروب آفتاب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہو جائیں گے۔ مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک وقت میں پڑھنے کے بعد حجاج کرام جمعرات کی شب مزدلفہ میں گزاریں گے، جمعہ 10 ذی الحجہ کو حجاج کرام مزدلفہ میں نماز فجر ادا کر کے منیٰ واپس لوٹیں گے، یہاں پہنچ کر سب سے بڑے جمرات العقبہ کو کنکریاں ماری جائیں گی۔ اس کے بعد قربانی ہو گی اور پھر حجاج کرام سر منڈوا کر احرام کی حالت سے باہر آ جائیں گے، اسی روز مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام میں طواف زیارت کیا جائے گا اور حجاج کرام رات منیٰ میں گزاریں گے۔سعودی انتظامیہ کے مطابق امسال محدود حج کے باعث منی کا ایک حصہ آباد ہوگا۔مناسک حج کے دوان رش اور ہجوم سے بچنے کے لیے عازمین حج کو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے اور مرحلہ وار اپنی باری آنے پر ہر گروپ مناسک حج ادا کرسکے گا۔علاوہ ازیں سعودی ٹیلی کام گروپ ایس ٹی سی نے حجاج کی سہولت کیلیے جدید روبوٹس کی خدمات فراہم کی ہیں۔ سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ایس ٹی سی نے دو طرح کے روبوٹس تیار کیے ہیں ان میں ایک تھری ڈی ٹیکنالوجی سے مزین ہے۔ یہ روبوٹ انتہائی حساس کیمرے، اسکرین اور مائیکروفون سے لیس ہے جو حجاج کے درمیان گھومنے، ان سے گفتگوکرنے، سوالات کا جواب دینے، رہنمائی اور مشورے دینے کی صلاحیت کا حامل ہے۔ دوسرا روبوٹ ایس اوپیز پرعمل درآمد کرانے کے لیے تیار کیا گیا ہے جو خود کار طریقے سے حجاج کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنے کے علاوہ ماسک کی پابندی کا بھی جائزہ لینے کی اہلیت کا حامل ہے۔