کراچی: سندھ میں عید تعطیلات کیلئے نئی ایس اوپیز جاری

407

کراچی: کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور این سی اوسی فیصلوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے محکمہ داخلہ سندھ نے عید تعطیلات کے لئے نئی ایس اوپیز جاری کردی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کو جاری سرکاری حکم نامہ میں ٹرینوں میں سفر کے لئے کورونا ویکسی نیشن لازمی قراردی گئی ہے اور سختی سے کہا گیا ہے کہ ویکسین کے بغیر ٹرین اور بس میں سفر کرنا ممنوع ہوگا۔

محکمہ داخلہ سندھ کا مزید کہنا ہے کہ مویشی منڈی، ہوٹلز، ریسٹورینٹس اور مسافر بسوں میں بھی داخلہ کورونا ویکسین سے مشروط ہوگا اور یہ فیصلہ عید الاضحیٰ پر شہریوں کی نقل وحمل اور کورونا کے اچانک پھیلاؤ کے خدشات پر کیاگیا ہے۔

جاری حکم نامے کے مطابق شادی ہالز میں آوٹ ڈور تقریبات میں شرکت کے لئے بھی کورونا ویکسین لازمی ہوگی جبکہ مویشی منڈیوں میں جانے والوں کو بھی کورونا ویکسین کارڈ دکھانا ہوگا ۔

واضح رہے این سی او سی کے مطابق پچھلے 24 گھنٹے کے دوران 39 مریض انتقال کرگئے جبکہ 2783 نئے کیسز بھی سامنے آگئے ہیں اورکیسز کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 86 ہزار 668 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ نے عیدالاضحیٰ پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیاہے اور جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ضلعی انتظامیہ پوری طرح سے متحرک ہوں گے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔