واپڈا نے قومی نیٹ بال ٹائٹل بر قرار رکھا

238

(رپورٹ: رانا تنویراحمد /سید وزیر علی قادری) وفاقی دارالحکومت میں پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام گذشتہ دنوں پاکستان ا سپورٹس کمپلیکس ، اسلام آباد کے حمیدی ہال میں کھیلی گئی 20 ویں قومی نیٹ بال چیمپئن شپ میں پاکستان واپڈا نے مردوں اور خواتین کے دونوں ٹائٹل جیت کر اپنے دفاع کو برقرا ر رکھا۔ مردوں کے ایونٹ میں پاکستان آرمی نے دوسری اور پاکستان ایئرفورس نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ خواتین کے ایونٹ میں پاکستان آرمی اور پنجاب کی ٹیمیں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں، بین الصوبائی نیٹ بال چیمپئن شپ میں مردوں کے ایونٹ میں پنجاب اور خواتین کے ایونٹ میں سندھ کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی، مردوں کے ایونٹ میں پنجاب نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ سندھ اور گلگت بلتستان کی ٹیمیں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں، اسی طرح خواتین کے ایونٹ میں سندھ کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی ٹیموں نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن پر رہیں، چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان ا سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کرنل(ر) محمد آصف زمان تھے۔ جنہوںنے کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں، نائب صدر ملک ثمین خان، سیکرٹری جنرل سید گوہر رضا، اسلام آباد نیٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر جبران الزمان اور سیکرٹری جاوید نواز بنگش، پنجاب نیٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر میاں عاصم بشیر اور سیکرٹری طاہر حمید، گلگت بلتستان نیٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر نثاراحمدکے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھے۔
چیمپیئن شپ میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے حکومتی احتتاطی تدبیر پر عمل کیا۔ کرونا وائرس کے بعد یہ پہلا قومی ایونٹ ہے جو کہ اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ گذشتہ سال میں یہ ایونٹ مارچ کے پہلے ہفتے منعقد ہوا اور اس ایونٹ کے بعد ملک میں کرونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیلنا شروع ہو گئی تھی جس کے باعث کوئی بھی قومی ایونٹ منعقد نہیں ہوسکا اور حکومت نے ملک میں کرونا وائرس کے باعث تمام کھیلوں کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی تھی۔ کرونا وائرس کے بعد یہ پہلا ایونٹ بھی پاکستان نیٹ بال فیڈریشن نے منعقد کروایا ہے۔
چیمپیئن شپ میں مردوں کے فائنل میں پاکستان واپڈا اور پاکستان آرمی کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں جس میں پاکستان واپڈا نے پاکستان آرمی کو 21 کے مقابلے میں 30 گول سے ہرا دیا جبکہ خواتین کا فائنل پاکستان واپڈا اور سندھ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان واپڈا نے سندھ کو 14 کے مقابلے میں 28 گول سے شکست دی۔ فائنل سے قبل مردوں کے تیسری پوزیشن کا میچ پاکستان ائیرفورس اور پاکستان نیوی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان ائیرفورس نے پاکستان نیوی کو 18 کے مقابلے میں 34 گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ اور اسی طرح چیمپئن شپ میں خواتین ایونٹ کا تیسری پوزیشن کا میچ پاکستان آرمی اور پنجاب کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ جس میں پاکستان آرمی نے پنجاب کی ٹیم کو 14 کے مقابلے میں 23 گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیت لیا، موٹروے پولیس اسلام آباد کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل، ڈاکٹر مظہر الحق کاکاخیل مہمان خصوصی تھے۔ جہنوں نے تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔