افغان مسئلہ حل ہوتا نظر نہیں آرہا ،پاکستان

220
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس بریفنگ دے رہے ہیں

اسلام آباد( اے پی پی +آن لائن +مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے کہا ہے کہ افغانستان کا مسئلہ حل ہوتا نظر نہیں آرہا۔ منگل کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے بتایا کہ لاہور بم دھماکے میں ملوث اہم ملزمان قانون کی گرفت میں ہیں، کل بھوشن کے بعد یہ دوسرا بڑا ثبوت ہے، اس کی تفصیل چند ہفتوں میں سامنے لائیں گے، لوگوں کے نام اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات منظر عام پر لائیں گے جو اس نیٹ ورک کا حصہ ہیں، دہلی میں جن بینکس سے رقم منتقل کی گئی ان کی تمام تر تفصیلات اس میں موجود ہوں گی،اس کے علاوہ بلوچستان میں دہشت گردی کے بھارتی نیٹ ورک کو بہت کامیابی سے توڑااور اس میں ملوث عناصر کو بھی پکڑ لیا ہے جس کے نتیجے میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔بھارت کے ساتھ دہشت گردی میں ملوث ناراض بلوچوں سے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے، سیاسی بنیادوں پر ناراض بلوچ قوم پرستوں سے مذاکرات کے لیے باضابطہ کام شروع کردیا گیا ہے۔وفاقی وزیراطلاعات کے بقول سیاسی جماعتیں کھڑی ہی الیکٹ ایبلز پر ہیں ، ان کی اپنی کوئی حیثیت اور اوقات نہیں، کونسے نظریات ، کیسی جدوجہد ؟ ن لیگ کہتی ہے کہ ان کے لوگ ادھر چلے گئے ، تو بتائیں نواز شریف کس آئیڈیالوجی کے تحت زرداری کی گود میں جاکر بیٹھ گئے اور زرداری کس نظریے کے تحت فضل الرحمن کے ہمنوا ہوگئے۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے آزادکشمیر میں مجموعی طور پر صرف 8 امیدوار جب کہ ن لیگ کے پاس 12 امیدوارہیں، الیکشن میں ان کے پاس امیدوار ہی پورے نہیں، ابھی سے دھاندلی کا بیانیہ نہیں بنائیں گے تو بعد میں جواب کیا دیں گے۔ فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن کو انتخابی اصلاحاتی ایجنڈے پرکئی بار مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں، نیشنل سیکورٹی پالیسی بنانا حکومت کا کام ہے، نیشنل سیکورٹی پالیسی پرکام ہو رہا ہے اور اقدامات ہوتے نظر آرہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وزیر مذہبی امور نے تجویز پیش کی ہے کہ خیبر پختونخوا کی طرز پر اسلام آباد کے مدارس اور مساجد کے امام و آئمہ کرام کو ماہانہ مشاہرہ دیا جائے، وزیر اعظم نے اس تجویز پر غور کرنے کی ہدایت کی ہے۔وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ 10سال میں پہلی بار کرنٹ اکائونٹ خسارے کی بجائے سرپلس ہے، ٹیکسٹائل سیکٹر اپنی مکمل استعداد کے مطابق کام کر رہا ہے، غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں، بینک نجی شعبے کو ریکارڈ قرض فراہم کر رہے ہیں، ٹیکس محصولات 4.7 کھرب روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہیں، جلد پاکستانی عوام کو چھوٹی گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی خوشخبری دیں گے۔فواد چودھری نے مزید کہا کہ15جولائی تک الیکٹرونک ووٹنگ کا نظام تیار کرلیا جائے گا۔