کویت: ارکانِ پارلیمان میں شدید ہاتھا پائی‘ گارڈ طلب

247
کویت: ارکانِ پارلیمان بجٹ اجلاس کے دوران گتھم گتھا ہیں‘ گارڈ مداخلت کررہے ہیں

کویت سٹی (انٹرنیشنل ڈیسک) کویتی پارلیمان میں بجٹ کی منظوری کے موقع پر ایوان میدان جنگ بن گیا۔ بین الاقوامی خبررساںاداروں کے مطابق زبانی لڑائی کے دوران حزبِ اختلاف اور حکمراں جماعت کے ارکان گتھم گتھا ہوگئے،جس کے بعد پارلیمانی فورس کو مداخلت کرنی پڑی۔ فورس کے آنے سے یہ طوفان بدتمیزی تھم گیا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق 32 ارکان پارلیمان نے آیندہ مالی سال کے بجٹ کے حق میں ووٹ ڈالا،جب کہ 30 ارکان نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔پارلیمان کے اسپیکر مرزوق الغانم نے بجٹ پر بحث کے لیے پارلیمان کا خصوصی اجلاس طلب کیا تھا۔ اجلاس کے دوران وزرا پارلیمان ہال کے دروازے پر کھڑے رہے، کیوں کہ اپوزیشن ارکان ان کی نشستوں پر قابض تھے۔ بعض ارکان نے بجٹ پر بحث کو سبوتاژ کرنے کے لیے ڈیسک بھی بجائے۔ اجلاس کے دوران ارکان پارلیمان نے وزیراعظم صباح خالد حمد الصباح سے مارچ میں جاری کردہ فیصلے کی آئینی حیثیت پر جواب طلب کیا،جس کے تحت انہوں نے 2022 ء کے آخر تک خود کو جواب دہی سے مستثنیٰ کرلیا تھا۔ اس کے علاوہ بدعنوانی جیسے مسائل پر بھی اپوزیشن کی جانب سے جواب طلب کیے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ کویتی حکومت اور پارلیمان کے درمیان کئی برسوں سے اختلافات چلے آرہے ہیں۔ کویت میں کئی حکومتیں تبدیل اور پارلیمان تحلیل ہوچکی ہے۔ اس صورتحال کی وجہ سے ملک میں اصلاحات اور سرمایہ کاری کا ماحول متاثر ہوا ہے۔