اعظم خان نے ٹوئنٹی20ورلڈ کپ کو ہدف بنالیا

99

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نوجوان بیٹسمین اعظم خان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کو ہدف بنالیا اور کہا ہے کہ ملک کی نمائندگی کرنا ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے، خواہش ہے کہ ایسا پرفارم کروں کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بھی کھیلنے کا موقع مل جائے،نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹریننگ سے فٹنس کو بہتر بنانے میں کافی حدتک مدد ملی، مزید کچھ وزن کم کرنے کا پلان ہے،اس حوالے سے پی سی بی ٹرینر نے جو پلان تیار کیا اس کے مطابق محنت کرکے ہدف پانے کی کوشش ہوگی۔اپنے ایک انٹرویو میں بلے باز نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شمولیت کے بعد بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، مینٹور ویوین رچرڈز جب ساتھ تھے تو ہمیشہ بے خوف اننگز کھیلنے اور تکنیک کومزید بہتر بنانے پر زور دیتے رہے۔اعظم خان نے کہا کہ سرفراز احمد نے بھی ہمیشہ بھرپور رہنمائی اور سپورٹ کیا،اب قومی ٹیم میں شمولیت کی خوشی الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتی، میری خواہش ہے کہ ایسا پرفارم کروں کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بھی کھیلنے کا موقع مل جائے،اگر ایسا ہوا تو ٹرافی جیتنے سے بڑھ کر کوئی خوشی نہیں ہوسکتی۔ایک سوال پراعظم خان نے کہا کہ والد معین خان کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکا کوچ ہونے سے زیادہ دباو نہیں ہوتا، وہ ہمیشہ اچھی اننگز کھیلنے کی بات کرتے ہیں۔