ہانگ کانگ میں جمہوریت نوازاخبار کی بندش کا خدشہ

197
ہانگ کانگ: ’’ایپل ڈیلی‘‘ اخبار کی ممکنہ بندش کے مخالف مظاہرین چینی سفارت خانے کے باہر سیب رکھ رہے ہیں

ہانگ کانگ (انٹرنیشنل ڈیسک) ہانگ کانگ میں جمہوریت کے حامی اخبار ایپل ڈیلی کی مالک کمپنی نے اخبار بند کرنے کا عندیہ دے دیا۔ خبررساں اداروںکے مطابق حکومت نے حال ہی میں اخبار کے 23 لاکھ ڈالر کے اثاثے منجمد کیے ہیں،جس سے مالک کمپنی کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔ اس سے پہلے 500 سے زائد پولیس اہل کاروں نے اخبار کے دفاتر پر چھاپامار کر اس کے چیف ایڈیٹر رائن لا اور ایپل ڈیلی اور ڈیجیٹل نیکسٹ کے 5دیگر منتظمین کو حراست میں لے لیا تھا۔ ہانگ کانگ کی جیل میں بند میڈیا ٹائیکون جمی لائی کے مشیر مارک سمن نے اپنے بیان میں کہا کہ نیکسٹ ڈیجیٹل کے ایگزیکٹیوز نے پیر کے روز اس صورتِ حال پر بورڈ کا ایک اجلاس طلب کرنے کا ارادہ کیا تھا۔ جمی لائی اور اخبار کے سربراہ چینگ کم ہنگ پر دشمن ملک کے ساتھ ساز باز کرنے کا الزام ہے اور ان کی ضمانت کی اپیل مسترد کی جا چکی ہے۔ قانون کے مطابق دہشت گردی، علاحدگی پسندی، ریاست کے خلاف بغاوت یا غیر ملکی قوتوں کے ساتھ ساز باز کے الزامات کے تحت عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ یاد رہے کہ حکومت مخالف مظاہروں کے باعث ایپل ڈیلی اور اس کے 73 سالہ مالک جمی لائی نشانے پر ہیں۔