سعید غنی نے محراب پور میں جی سی ٹی کے ایجوکیشن کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھ دیا

168

محراب پور /کراچی (نمائندہ جسارت/اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیرتعلیم سعید غنی نے محراب پور میں غیر منافع بخش ادارے گرین کریسنٹ ٹرسٹ (جی سی ٹی) کے نئے تعلیمی کمپلیکس کا سنگ بنیاد اتوار کے روز رکھ دیا۔ جی سی ٹی کے 50 نمایاں ترین ڈونرز خصوصی طور پر کراچی سے 350کلومیٹر سے زائد مسافت طے کرکے اس تقریب میں شریک ہوئے، شاہد آفریدی فاونڈیشن جو کہ جی سی ٹی کے ساتھ مل کر شانہ بشانہ تعلیم کے شعبے میں کام کررہی ہے کی بھی نمائندہ ٹیم نے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں سندھ کے وزیرتعلیم سعید غنی نے جی سی ٹی کے صوبے کے تعلیم کے شعبے میں گزشتہ 27سال سے جاری سرگرمیوں کی تعریف کی، انھوں نے کہا ہے سندھ حکومت کو یقینا جی سی ٹی جیسے مستند غیر سرکاری اداروں کا تعاون چاہیے، تاکہ صوبے میں ناخواندگی کے سنگین مسئلے سے نمٹا جاسکے۔ انھوں نے کہا کہ تعلیم کا شعبہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے شدید ترین متاثر ہوا ہے اور حکومت کو نجی شعبے اور غیر سرکاری شعبے کے بھرپور تعاون کی ضرورت ہے، تاکہ طالبعلموں کے مفاد میں تعلیمی سرگرمیوں کو مکمل طور پر بحال کیا جاسکے۔ سعید غنی نے کہا کہ ان کی آج یہاں موجودگی اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ وہ محروم طبقات کے بچوں کو تعلیم کی فراہمی کے لیے جی سی ٹی جیسے فلاحی اداروں سے تعاون حاصل کرنے میں ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حال ہی میں پیش کیے گئے سندھ حکومت کے بجٹ میں تعلیم کے شعبے کے لیے سب سے زیادہ رقم 277بلین روپے مختص کی گئی ہے جو کہ حکومت کی آنے والی نسلوں کو تعلیم یافتہ بنانے کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے محکمہ محنت کو بھی جی سی ٹی جیسے فلاحی اداروں کا تعان چاہیے تاکہ مزدورں کے بچوں کو بھی تعلیم یافتہ بنایا جاسکے۔ اس موقع اپنے خطاب میں جی سی ٹی کے چیف ایگزیکٹو زاہد سعید نے کہا کہ جی سی ٹی نے سندھ کے پسماندہ ترین علاقوں میں 150فلاحی اسکول قائم کیے ہوئے ہیں جہاں غریب طبقات کے 29000سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں۔انھوں نے کہا کہ جی سی ٹی کے اس سے پہلے محراب پور میں 10اسکول ہیں جہاں 2500کے قریب طالب علم زیرتعلیم ہیں نیا تعلیمی کمپلیکس پریپ سے بارہویں جماعت تک ڈھائی ہزار مزید بچوں کو تعلیم دے گا۔ اس کی تعمیر تقریبا ایک سال میں مکمل ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ محراب پور میں موجود سی سی ٹی کا فلاحی تعلیمی نیٹ ورک شہر کے ہزاروں نوجوانوں کو بالواسطہ اور بلا واسطہ روزگار کی فراہمی کا باعث ہے۔ انھوں نے کہا کہ محراب پور کے نئے پروجیکٹ کی تعمیر صرف ایک مخیر شخص کی بدولت ممکن ہورہی ہے، جو کہ کروڑوں روپے اس نیک کام پر خرچ کرنے کے باوجود اپنی تشہیر بالکل بھی نہیں چاہتا۔ انھوں نے کاروباری اداروں سے مزید تعاون کی اپیل کی تاکہ جی سی ٹی اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو صوبے کے ہر محروم علاقے تک پھیلا سکے، انھوں نے جی سی ٹی کے ڈونرز کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا کے جس کے تعاون کی بدولت ان کا ادارہ پچھلے 27سال سے تعلیم کے شعبے میں اپنے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہے۔